اسلام آباد(اسپورٹس ڈیسک )پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 9 کے 20ویں میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے پشاور زلمی کو 29 رنز سے شکست دے دی۔پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے دیے گئے 197 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پشاور زلمی کی ٹیم 9 وکٹوں پر 167 رنز بناسکی۔پہاڑ جیسے ہدف کے تعاقب میں پشاور زلمی کی ٹیم مشکلات کا شکار رہی اور صرف 18 رنز پر ہی آدھی ٹیم پویلین لوٹ گئی۔ کپتان بابر اعظم صرف پر رن آؤٹ ہوئے۔ صائم ایوب اور محمد حارث نے ایک ایک رن بنایا جبکہ ٹام کوہلر کیڈمور 12 اور رومین پاول کھاتہ کھولے بغیر ہی پویلین لوٹ گئے۔چھٹی وکٹ پر پال والٹر اور عامر جمال نے 107 رنز کی شراکت بنا کر اپنی ٹیم کو ہزیمت سے بچانے کی کوشش کی۔ عامر جمال نے 87 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی جس میں 6 چھکے اور 8 چوکے شامل تھے۔ پال والٹر نے 33 رنز بنائے۔ اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے کپتان شاداب خان نے 3 کھلاڑیوں کو میدان بدر کیا، رومان رئیس کے حصے میں دو وکٹیں آئیں۔ حنین شاہ نے بھی دو آؤٹ کیے جبکہ ایک وکٹ نسیم شاہ نے لی۔اس سے قبل پشاور زلمی نے ٹاس جیت کر اسلام آباد یونائیٹڈ کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔اسلام آباد یونائیٹڈ کو پہلی ہی گیند پر ایلکس ہیلز کی صورت میں نقصان اٹھانا پڑا جنہیں صائم ایوب نے کلین بولڈ کیا۔ تیسرے اوور میں 28 کے مجموعے پر 15 رنز بنا کر کولن منرو بھی پویلین لوٹ گئے، انہیں بھی صائم نے میدان بدر کیا۔ تاہم اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان شاداب خان نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 51 گیندوں پر 80 رنز کی اننگز کھیل کر ٹیم کو بڑے ٹوٹل تک پہنچایا۔شاداب خان کے ساتھ پہلے 37 رنز بنانے والے سلمان علی آغا نے 65 رنز کی پارٹنرشپ بنائی جبکہ سلمان کے آؤٹ ہونے کے بعد شاداب اور جارڈن کاکس کے درمیان 68 رنز کی پارٹنر شپ بنی۔ اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان کے آؤٹ ہونے کے بعد اعظم خان اور جارڈن کاکس نے 39 رنز جوڑے۔ کاکس 30 جبکہ اعظم 29 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔پشاور زلمی کی جانب سے صائم ایوب نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ لیوک ووڈ اور سلمان ارشاد نے ایک ایک وکٹ لی۔اسلام آباد یونائیٹڈ میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی جبکہ پشاور زلمی کی ٹیم نے تبدیلیاں کرتے ہوئے نوین الحق، آصف علی اور حسیب اللّٰہ کی جگہ محمد ذیشان، عامر جمال اور ٹام کوہلر کیڈمور کو شامل کیا۔یونائیٹڈ کی ٹیم کپتان شاداب خان، کولن منرو، ایلکس ہیلز، سلمان علی آغا، رومان رئیس، نسیم شاہ، فہیم اشرف، عماد وسیم، جارڈن کاکس، اعظم خان اور حنین شاہ پر مشتمل تھی۔ پشاور زلمی کی ٹیم میں کپتان بابر اعظم، صائم ایوب، محمد حارث، ٹام کوہلر کیڈمور، روومین پاول، پال والٹر، عامر جمال، لیوک ووڈ، محمد ذیشان، عارف یعقوب اور سلمان ارشاد شامل تھے۔ایونٹ کے گزشتہ میچ میں پشاور زلمی نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو 8 رنز سے شکست دی تھی۔