پرتھ (نمائندہ خصوصی) پہلے ٹیسٹ میچ میں آسٹریلیا نے پاکستان کے خلاف پہلے دن کھیل کے اختتام پر 5 وکٹوں کے نقصان پر 346 رنز سکور کرلیے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا جس پر ڈیوڈ وارنر اور عثمان خواجہ نے میدان میں اتر کر کھیل کا آغاز کیا، 126 رنز پر ڈیوڈ وانر کو شاہین آفریدی نے آوٹ کرتے ہوئے پوویلین پہنچایا اور میچ کی پہلی وکٹ حاصل کی۔اس کے بعد آسٹریلیا کی دوسری وکٹ 159 رنز پر فہیم اشرف نے مارنس لبوشین کو 16 رنز پر آﺅٹ کرکے گرائی۔ ڈیوڈ وارنر نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے پاکستان کے خلاف 4 چھکوں اور 16 چوکوں پر مشتمل 164 رنز کی اننگ کھیلی، وہ عامر جمال کی گیند پر امام الحق کے ہاتھوں کیچ آوٹ ہوئے۔سٹیو سمتھ 31 اور ورلڈکپ فائنل میں بھارت کیخلاف یادگار اننگ کھیلنے والے ٹریوس ہیڈ 40 رنز بنانے میں کامیاب ہوئے۔پاکستان کے لیے عامر جمال نے 2 جبکہ شاہین آفریدی، فہیم اشرف اور خرم شہزاد نے ایک ،ایک وکٹ لی۔ اس سے قبل ٹاس کے موقع پر بات کرتے ہوئے قومی ٹیسٹ ٹیم کے کپتان شان مسعود نے کہا کہ اگر وہ ٹاس جیت جاتے تو پہلے بیٹنگ کرتے۔ انہوں نے کہا کہ آسٹریلیا کیخلاف پہلے میچ میں ہماری ٹیم میں دو کھلاڑی ڈیبیو کر رہے ہیں۔اس سے قبل عامر جمال اور خرم شہزاد کو ٹیسٹ کیپ دی گئی، شاہین آفریدی اور حسن علی نے کھلاڑیوں کو ٹیسٹ کیپ دی۔بابر اعظم کو 50واں ٹیسٹ کھیلنے پر کپتان نےکیپ اور یادگاری شیلڈ دی گئی۔ قومی ٹیم نے چار فاسٹ بولرز کے ساتھ میدان میں اترنے کا فیصلہ کیا۔