کراچی(نمائندہ خصوصی) 13ویں جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی اوپن گالف چیمپئن شپ کی افتتاحی تقریب اور میڈیا بریف کراچی گالف کلب میں منعقد ہوئی۔ کمانڈر کراچی ریئر ایڈمرل محمد سلیم آج کی تقریب کے مہمان خصوصی تھے جنھوں نے چیمپئن شپ کا افتتاح کیا۔ میڈیا بریف کے دوران، پریزیڈنٹ سروسز سپورٹس کنٹرول بورڈ ،رئیر ایڈمرل عبدالباسط نے 09 سے 12 دسمبر 2023 تک منعقد ہونے والی چیمپئن شپ کی اہمیت اور اس کی مختلف کیٹیگریز کے حوالے سے آگاہ کیا۔اس سال گالف چیمپئن شپ پروفیشنلز، سینیئر پروفیشنلز، جونیئر پروفیشنلز، امیچورز، سینیئرز، لیڈیز اور جونیئرز کی کیٹیگریز میں کھیلی جائے گی۔ ان مقابلوں کا انعقاد دنیا میں پاکستان کے ایک کھیلوں سے رغبت رکھنے والی قوم کے مثبت تاثر کو جلا بخشتا ہے۔ اس سے معاشرے میں صحت مند سرگرمیوں کو بھی فروغ حاصل ہوتا ہے۔ اس مقابلے کا باقاعدہ انعقاد قومی و بین الاقوامی سطح پر گالف کی ترویج کے لیے پاک بحریہ کے عزم کا غماز ہے۔مقابلے کی افتتاحی تقریب میں سول و ملٹری افسران، اسپانسرز، گالف کے کھلاڑیوں اور میڈیا نمائندگان نے شرکت کی۔