احمد آباد(اسپورٹس ڈیسک)انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) ورلڈ کپ 2023ء کے 16ویں میچ میں نیوزی لینڈ نے افغانستان کو 149رنز سے ہرا کر مسلسل چوتھا میچ جیت لیا۔شاندار بیٹنگ پر نیوزی لینڈ کے گلین فلپس کو پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔افغانستان کی ٹیم 289 رنز کے ہدف کے تعاقب میں 34 اعشاریہ 4 اوورز میں 139 رنز پر ڈھیر ہوگئی، یوں نیوزی لینڈ نے میچ 149 رنز سے جیت کر پوائنٹس ٹیبل پر پہلی پوزیشن حاصل کرلی۔افغانستان کی طرف سے رحمت شاہ 36 اور عظمت اللّٰہ عمر زئی نے 27 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ دیگر کوئی کھلاڑی خاطر خواہ پرفارمنس نہ دکھا سکا۔نیوزی لینڈ کی طرف سے لوگی فرگوسن اور مچل سینٹنر نے 3، 3 کھلاڑی آؤٹ کیے جبکہ ٹرینٹ بولٹ کے حصے میں 2 وکٹیں آئیں۔میگا ایونٹ میں نیوزی لینڈ نے انگلینڈ، نیدرلینڈز، بنگلادیش اور افغانستان کو شکست سے دوچار کیا ہے جبکہ اس کے بھارت، آسٹریلیا، جنوبی افریقا، پاکستان اور سری لنکا سے میچز باقی ہیں۔اس سے قبل چنئی میں افغانستان نے نیوزی لینڈ کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کرانے کا فیصلہ کیا۔کیوی ٹیم نے مقررہ 50 اوورز میں 6 وکٹ پر 288 رنز بنائے اور میگا ایونٹ میں انگلینڈ کو اپ سیٹ شکست دینے والی افغانستان کو 289 رنز کا ہدف دیا۔نیوزی لینڈ کی طرف سے ڈیون کونوے 20، راچن رویندرا 32، ول ینگ 54، ڈیرل مچل1، کپتان ٹام لیتھم 68، گلین فلپس 71 رنز کے ساتھ نمایاں اسکور رہے ہیں۔کیوی ٹیم مارک چیپ مین 25 اور مچل سینٹر 7 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے جبکہ افغانستان کے عظمت عمر زئی اونوین الحق نے 2،2 اور مجیب الرحمان اور محمد نبی نے 1، 1 وکٹ اپنے نام کی۔افغان ٹیم کی قیادت حشمت اللّٰہ شاہدی اور نیوزی لینڈ ٹیم کی قیادت ٹام لیتھم کر رہے ہیں۔ٹاس کے بعد گفتگو کرتے ہوئے حشمت اللّٰہ شاہدی نے کہا کہ انگلینڈ کو شکست دے کر جشن منایا لیکن اب اس میچ کے لیے تیار ہیں۔اس موقع پر ٹام لیتھم نے بتایا کہ وِل ینگ کو انجرڈ ہونے والے کین ولیمسن کی جگہ ٹیم میں شامل کیا ہے۔دونوں ٹیمیں اب تک اس ورلڈ کپ میں تین، تین میچز کھیل چکی ہیں، نیوزی لینڈ کو اب تک شکست نہیں ہوئی ہے جبکہ افغانستان نے ایک میچ جیتا ہے۔