حیدرآباد(اسپورٹس ڈیسک)
کرکٹ ورلڈ کپ 2023ء کے وارم اپ میچ میں نیوزی لینڈ نے پاکستان کو 5 وکٹ سے شکست دے دی، کیویز نے 346 رنز کا بڑا ہدف 44 ویں اوور میں ہی حاصل کرلیا۔پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 5 وکٹ کے نقصان پر 345 رنز بنائے اور نیوزی لینڈ کےلیے 346 رنز کا ہدف سیٹ کیا۔حیدر آباد دکن میں کھیلے گئے میچ میں نیوزی لینڈ کے رچن روینڈرا نے 97 رنز کی نمایاں اننگز کھیلی اور ٹیم کی فتح میں مرکزی کردار ادا کیا۔فاسٹ بولر حسن علی نے صرف 4 کے مجموعی اسکور پر پہلی وکٹ لی، اس کے بعد قومی ٹیم کو اگلی وکٹ کےلیے 179 رنز کی شراکت کا انتظار کرنا پڑا۔183 کے مجموعے پر دوسری کیوی وکٹ گری، آغا سلمان نے رچن روینڈا کو 97 رنز پر بولڈ کردیا۔نیوزی لینڈ کی تیسری وکٹ 212 اور چوتھی وکٹ 218 رنز پر گرگئی، اس موقع پر لگا کہ پاکستان میچ میں واپس آگیا ہے لیکن پانچویں وکٹ پر کیوی بیٹر نے 110 رنز کی شراکت قائم اور میچ کو یطرفہ بنادیا۔328 کے اسکور پر جم نیشم 33 رنز کی باری کھیل کر پویلین لوٹ گئے، گرین شرٹس کی طرف سے اسامہ میر نے 2، حسن علی، آغا سلمان اور وسیم جونیئر نے 1،1 وکٹ حاصل کی۔اس سے قبل گرین شرٹس کی طرف سے محمد رضوان نے 103، بابر اعظم نے 80 اور سعود شکیل نے 75 رنز کی نمایاں اننگز کھیلیں جبکہ آغا سلمان 33 رنز پر ناقابل شکست رہے۔میچ میں 18 اوورز کا کھیل مکمل ہونے پر اسے بارش کے باعث روک دیا گیا تھا، عبداللّٰہ شفیق 14 اور امام الحق 1 رن بنا کر آؤٹ ہوئے۔نیوزی لینڈ کے مچل سینٹنر2، میٹ ہینری، جمی نیشم، لوکی فرگوسن کی ایک ایک وکٹ اپنے نام کی۔ دونوں ٹیموں کے درمیان میچ حیدرآباد میں کھیلا جارہا ہے اور اس میچ میں دونوں ٹیموں کو تمام 15 کھلاڑی دستیاب ہیں۔