لاہور(محمد ارشد)
آئندہ ماہ بھارت میں شروع ہونے والے آئی سی سی ون ڈے ورلڈ کپ کے لیے پاکستان کرکٹ ٹیم کا اعلان کر دیا ہے بابر اعظم قیادت کریں گے۔تفصیلات کے مطابق آئندہ ماہ بھارت میں شروع ہونے والے آئی سی سی ون ڈے ورلڈ کپ کے لیے پاکستان کرکٹ ٹیم کا اعلان کر دیا ہے بابر اعظم بدستور ٹیم کی قیادت کریں گے اور شاداب خان ان کے نائب ہوں گے جب کہ فاسٹ بولر نسیم شاہ انجری کے باعث ٹیم سے باہر ہوگئے ہیں۔ایشیا کپ میں زخمی ہونے کے باعث ورلڈ کپ اسکواڈ سے باہر ہونے والے نسیم شاہ کی جگہ تجربہ کار حسن علی کو شامل کیا گیا ہے ایشیا کپ میں انجرڈ ہونے والے پیسر حارث رؤف بھی صحتیابی کے بعد اسکواڈ میں جگہ بنانے میں کامیاب رہے ہیں۔آؤٹ آف فارم جارح مزاج اوپنر فخر زمان پر سلیکٹرز نے اپنا اعتماد برقرار رکھا ہے تاہم آل راؤنڈر فہیم اشرف کو باہر کر دیا گیا ہے۔لاپور میں پی سی بی ہیڈ کوارٹر میں پاکستان کے چیف سلیکٹر انضمام الحق نے قومی ٹیم کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ بابر اعظم میگا ایونٹ میں ٹیم کی قیادت اور اسپن آل راؤنڈر شاداب خان ان کے نائب ہوں گے۔ 15 رکنی اسکواڈ کے علاوہ تین ریزرو کھلاڑی رکھے گئے ہیں۔چیف سلیکٹر نے کہا کہ ٹیم میں کوئی بڑی تبدیلی نہیں کی، ایک سال سے جو کمبی نیشن چل رہا ہے، زیادہ تر اسی کو برقرار رکھا ہے۔ بہترین ٹیم سلیکٹ کرنے کی کوشش کی ہے، امید اور دعا ہے کہ ہماری ٹیم بہتر پرفارم کرے گی۔
انضمام الحق نے کہا کہ پاکستان ٹیم دنیا میں نمبر ون پر ہے، صرف 2 میچ بُرے ہو ئے میگا ایونٹ کے لیے کوچ اور کپتان کا مورال بلند ہے۔ ورلڈکپ اسکواڈ تیار کرنے کیلیے 6 ماہ یا سال پہلے پلاننگ کی جاتی ہے، ہم نے کھلاڑیوں کی سلیکشن ٹیم میں 6 ماہ سے موجودگی کی بنیاد پر کی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ ہمارے فاسٹ بولرز کو انجریز کا سامنا ہے، نسیم شاہ کی جگہ لینے والے حسن علی تجربہ کار کھلاڑی ہیں، ایشیا کپ میں وہ اپنی انجری کے باعث دستیاب نہیں تھے جس کی وجہ سے زمان خان کو نسیم شاہ کے متبادل کے طور پر بلایا گیا تھا۔ہمارے کھلاڑی گرم ملک میں بہت لمبی کرکٹ کھیل گئے اسی وجہ سے بولرز کی طرح بیٹرز کو بھی انجریز کے معاملات بھی ہوئے۔ فخر زمان ایسا کھلاڑی ہے جو بڑے ایونٹ میں اچھی کارکردگی دکھا سکتا ہے جب کہ امام الحق اور عبداللہ شفیق نے اچھی کارکردگی دکھائی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ مڈل اوورز میں اسپنرز کا پُر فارم کرنا بہت ضروری ہے۔ کسی کھلاڑی کو ٹیم میں رہنا ہے تو پرفارمنس لیول ہائی رکھنا پڑے گا۔ یہ بات درست ہے کہ محمد نواز اور شاداب کی حالیہ کارکردگی متاثر کن نہیں رہی تاہم اسامہ میر کا آپشن موجود ہے ہم اسے بھی کھلا سکتے ہیں۔
اعلان کردہ اسکواڈ میں بابر اعظم (کپتان)، شاداب خان (نائب کپتان)، محمد رضوان (وکٹ کیپر)، حارث رؤف، حسن علی، سعود شکیل، محمد نواز، امام الحق، محمد وسیم جونیئر، سلمان علی آغا، افتخار احمد، عبداللہ شفیق، اسامہ میر، شاہین شاہ آفریدی شامل ہیں جب کہ محمد حارث، ابرار احمد اور زمان خان ریزرو کھلاڑی ہوں گے۔