کولمبو( نمائندہ خصوصی) افغانستان کا پاکستان کے خلاف ون ڈے میچ جیتنے کا خواب پھر ادھورا رہ گیا۔ سنسنی خیز مقابلے کے بعد پاکستان نے افغانستان کو ایک وکٹ سے ہرادیا۔ افغانستان کا دیا گیا 301 رنز کا ہدف پاکستان ٹیم نے آخری اوور میں حاصل کرلیا۔ نسیم شاہ ایک مرتبہ پھر افغانستان کے سامنے دیوار بن گئے۔ حارث رؤف اور نسیم شاہ نے آخری اوور میں 11 رنز بنا ڈالے۔ ہدف کے تعاقب میں پاکستان کا آغاز اچھا رہا جہاں فخر زمان اور امام الحق نے 52 رنز جوڑے، لیکن اس اسکور پر 30 رنز بنانے والے فخر زمان فضل حق فاروقی کی گیند پر بولڈ ہوگئے۔دوسری وکٹ پر اوپنر امام الحق کا ساتھ کپتان بابر اعظم دینے آئے اور دونوں نے 118 رنز کی عمدہ پارٹنرشپ بنا کر اپنی ٹیم کی پوزیشن کو مستحکم بنانے کی کوشش کی۔ 170 کے مجموعے پر بابر اعظم فضل حق فاروقی کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے، تو افغانستان کے بولرز نے پاکستانی بیٹرز کو قابو کرنے کا سلسلہ شروع کیا۔ محمد رضوان 2 رنز بنانے کے بعد 176 پر رن آؤٹ ہوئے جبکہ انکے بعد آنے والے بلے باز سلمان علی آغا 14 رنز بنانے کے بعد محمد نبی کی گیند پر 208 رنز پر کیچ آؤٹ ہوگئے۔ محمد نبی نے اسی اوور میں تجربے کےلیے اوپر بیٹنگ کرنے کےلیے آنے والے اسامہ میر کو کیچ آؤٹ کروادیا۔دوسرے اینڈ پر موجود امام الحق 91 کے مجموعے پر پہنچے تو مجیب الرحمان کی گھومتی گیند کے جال میں پھنس کر کیچ آؤٹ ہوگئے۔ یوں قومی ٹیم 211 کے مجموعے پر 6 وکٹوں سے محروم ہوگئی۔اختتامی لمحات میں شاداب خان اور افتخار احمد نے 47 رنز کی اہم پارٹنرشپ بنائی اور ٹیم کو جیت کی جانب گامزن کیا۔افتخار احمد 17 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے تو شاداب خان نے ہدف حاصل کرنے کی کوششیں جاری رکھیں اور پہلے شاہین آفریدی کے ساتھ 14 اور پھر نسیم شاہ کے ساتھ 24 رنز کی پارٹنرشپ بناکر آخری اوور میں 11 رنز کی دوری پر نان اسٹرائیکر اینڈ پر رن آؤٹ ہوئے۔ شاداب نے 48 رنز کی دھواں دار اننگز کھیلی۔آخری اوور میں نسیم شاہ ایک مرتبہ پھر افغانستان کے سامنے دیوار بن گئے۔ انہوں نے پہلے چوکا لگایا، پھر ایک سنگل بنایا جس کے بعد حارث رؤف نے 3 رنز بنائے اور پھر اسکے بعد نسیم شاہ نے چوکا لگاکر پاکستان کو فتحیاب کروایا۔خیال رہے کہ گزشتہ برس ایشیا کپ میں ہی نسیم شاہ نے آخری اوور میں 11 رنز بنائے تھے۔ اس وقت بھی ان کے سامنے بولر فضل حق فاروقی ہی تھے، جنہوں نے آج بھی آخری اوور کروایا۔ میچ کے اختتامی لمحات میں عمدہ بیٹنگ پرفارمنس پر شاداب خان کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ اس سے قبل افغانستان نے اوپنرز رحمان اللّٰہ گرباز اور ابراہیم زادران کی 227 رنز کی زبردست اوپننگ پارٹنرشپ کی بدولت پاکستان کو جیت کےلیے 301 رنز کا ہدف دیا۔ خیال رہے کہ افغانستان نے ون ڈے کرکٹ میں پہلی مرتبہ پاکستان کے خلاف 300 کا ہندسہ عبور کیا ہے۔
ہمبنٹوٹا میں کھیلے جارہے اس میچ میں افغانستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔اوپنرز رحمان اللّٰہ گرباز اور ابراہیم زادران نے اس فیصلے کو اپنے کپتان کے لیے درست ثابت کردیا جہاں پاکستانی بولرز بےبس دکھائی دیے اور دونوں کے درمیان 227 رنز کی میراتھن شراکت قائم ہوگئی۔ ابراہیم زادران نے 80 رنز کی اننگز کھیلی، جبکہ رحمان اللّٰہ گرباز 151 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔دونوں اوپنرز کے آؤٹ ہونے کے باوجود تجربہ کار محمد نبی نے رنز بنانے کی اوسط برقرار رکھی اور اختتامی لمحات میں 29 رنز کی اہم اننگز کھیل کر اپنی ٹیم کو 5 وکٹوں کے نقصان پر 300 کے ٹوٹل تک پہنچایا۔ پاکستان کی جانب سے شاہین آفریدی نے دو جبکہ نسیم شاہ اور اسامہ میر نے ایک ایک وکٹ لی۔ٹاس کے بعد گفتگو کرتے ہوئے پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے کہا تھا کہ وکٹ بیٹنگ کے لیے اچھی لگ رہی ہے، میچ میں بہترین بیٹنگ کی کوشش کریں گے۔بابر اعظم نے بتایا کہ اس میچ میں ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی ہے۔اس موقع پر افغان ٹیم کے کپتان نے کہا تھا کہ کم بیک کرنے کی کوشش کریں گے۔ 260 رنز کا ہدف ذہن میں رکھ کر میدان میں اتریں گے۔پاکستان ٹیم
اس میچ میں امام الحق، فخر زمان، بابر اعظم، محمد رضوان، افتخار احمد، آغا سلمان، شاداب خان، اسامہ میر، شاہین آفریدی، نسیم شاہ اور حارث رؤف پاکستان ٹیم میں شامل تھے.دوسرے ون ڈے میچ میں افغانستان ٹیم کی قیادت حشمت اللّٰہ شاہدی کر رہے تھے۔یاد رہے کہ 22 اگست کو پہلے ون ڈے میچ میں پاکستان نے تباہ کن بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے افغانستان کو 142 رنز سے شکست دی تھی۔تباہ کن بولنگ پرفارمنس پر حارث رؤف کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا تھا۔