راجن پور (نمائندہ خصوصی) راجن پور کے کچے میں پولیس اہلکاروں نے ڈاکووں کے خلاف آپریشن کرتے ہوئے عید منائی۔ڈی پی او محمد ناصر سیال نے بتایا ہے کہ وقفے وقفے سے دونوں طرف سے فائرنگ کا تبادلہ جاری ہے، عید کے دوسرے دن بھی پولیس کے جوانوں کے حوصلے بلند ہیں۔انہوں نے کہا کہ آپریشن میں ڈاکووں کا گھیراو کیا جبکہ چک عمرانی، چک بیلے شاہ اور چک چراغ شاہ میں ڈاکوو ں کے مزید 7 ٹھکانے تباہ کر دئیے گئے ۔محمد ناصر سیال کے مطابق ڈاکووں کے خلاف آپریشن 15ویں روز میں داخل ہو گیا اور پولیس کی مزید 3 پکٹس قائم کر دی گئی ہیں۔ڈی پی او نے کہا کہ پولیس اہلکار اپنے گھر اور بچوں سے دور اگلے مورچوں پر ڈاکووں سے مقابلہ کر رہے ہیں، عید کی خوشی میں پکٹس پر مٹھائیاں بھی تقسیم کی گئیں۔راجن پور کے کچے کے علاقے میں پولیس اہلکاروں نے عید کے موقع پر مورچوں پر رقص کیا اور مٹھائیاں کھائیں۔