لاڑکانہ(بیورورپورٹ) لاڑکانہ پولیس نے کاروائی کرتے ہوئے بین الصوبائی منشیات فروش گروہ کے دو کارندوں کو گرفتار کرکے 200 کلو گرام چرس برآمد کرلیا ہے، تفصیلات کے مطابق ایس ایس پی لاڑکانہ ڈاکٹر محمد عمران خان کی سربراہی میں سی آئی اے لاڑکانہ نے پولیس اسٹیشن تعلقہ کی حدود میں کاروائی کے دوران بین الصوبائی منشیات سپلائر کو گرفتار کرلیا اور ان کے قبضے سے چاول کی بوریوں سے لوڈ ٹرک کے خفیہ خانوں میں چھپائی گئی 200 کلو گرام چرس برآمد کرلی گئی، اس حوالے سے ایس ایس پی لاڑکانہ ڈاکٹر محمد عمران خان نے بتایا کہ گرفتار ملزمان کی شناخت نظام ولد محمد اسلم بروہی اور قدیر احمد ولد محمد عظیم بروہی کے طور پر ہوئی ہے جو صوبہ بلوچستان کے شہر مستونگ کے رہائشی، گرفتار ملزمان بلوچستان سے لاڑکانہ سمیت سندھ کے مختلف اضلاع میں منشیات سپلائی کرتے تھے، گرفتار ملزمان سے گروہ کے دیگر افراد اور منشیات کے خریداروں کے متعلق تفتیش جاری ہے جبکہ گرفتار ملزمان کے خلاف تھانہ تعلقہ میں مقدمہ نمبر 73/2022 درج کرلیا گیا ہے۔