اسلام آباد (نمائندہ خصوصی)وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی سلامتی کے لیے حکومت پاکستان کے عزم کو مدنظر رکھتے ہوئے وزارت خارجہ سوڈان میں پاکستانیوں کی ریلیف اور ریسکیو میں پیش پیش ہے۔ منگل کو دفتر خارجہ کی ترجمان کی جانب سے جاری بیان کے مطابق وزیر خارجہ نے کہا کہ خرطوم سے 211 پاکستانیوں کو لے کر ایک اور قافلہ پورٹ سوڈان پہنچ گیا ہے،تازہ ترین قافلے کے ساتھ بحفاظت نکالے جانے والے پاکستانیوں کی کل تعداد 700 تک پہنچ گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ خرطوم اور پورٹ سوڈان میں سفیر میر بہروز ریگی کی ٹیم سوڈان میں موجود پاکستانیوں کے قیام کی سہولت کےلئے دن رات کام کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانیوں کے انخلا کے عمل کو آسان بنانے کےلئے خطے کے دوست ممالک خصوصاً مملکت سعودی عرب کے ساتھ مصروف عمل ہیں۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ میں خطے میں ہمارے مشنز کی محنت اور سیکرٹری خارجہ ڈاکٹر اسد مجید خان کی سربراہی میں دفتر خارجہ کی پوری ٹیم کا شکر گزار ہوں جو بین ایجنسی کوآرڈینیشن کے عمل کی قیادت کر رہے ہیں۔