کراچی /نوڈیرو (بیورو رپورٹ)وزیر خارجہ چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ سازش کرنے والوں کی کوشش ہے کہ صرف پنجاب میں پہلے الیکشن کروایا جائے۔عید ملن پارٹی سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ اداروں میں تقسیم نظر آرہی ہے،پارلیمان اور عدلیہ دونوں ایک دوسرے کے فیصلے نہیں مان رہے۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ سازش کرنے والوں کو خبردار کرتا ہوں کہ ہوش کے ناخن لیں، قانون بننے سے پہلے ہی عدلیہ کہتی ہے کہ نہیں مانتے۔انہوںنے کہاکہ ہم مخالفین اور اتحادیوں کو مذاکرات پر قائل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ملک میں معاشی مشکلات ہیں، بحران ہے، عام آدمی کی معاشی صورتحال بد سے بدتر ہوتی جارہی ہے۔بلاول بھٹو زر داری نے کہاکہ سازش کرنیوالوں کی کوشش ہے کہ صوبہ پنجاب میں پہلے الیکشن کروائے جائیں،پنجاب کے الیکشن ہوگئے تو اس کا اثر باقی صوبوں پر رہے گا۔انہوں نے کہا کہ ایک صوبے کے الیکشن والوں کی سوچ مخصوص سیاست ہے،پیپلز پارٹی نے آئین اور صوبہ کےحقوق کے تحفظ کی جدوجہد کی ہے۔بلاول بھٹو زرداری نے کہاکہ آئیں ایسا حل نکالیں جس کا فائدہ پارلیمان، جوڈیشری کو بھی ہو۔چیئرمین پیپلز پارٹیہ نے کہا کہ ایسا نہ ہو لڑائی سے جمہوریت، معیشت اور وفاق کو بھی نقصان ہو، آئیں بات چیت کے ذریعہ اپنے مسئلے حل کریں اور ملک کو بڑے نقصان سے بچالیں۔ دوسری جانب چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ ماضی میں بھی ملک کو بحرانوں سے نکالا ہے، اب بھی ملک کو بحران سے نکالنے کےلئے پیپلز پارٹی اپنا بھرپور کردار ادا کر رہی ہے۔وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کراچی میں وزیر توانائی سندھ امتیاز شیخ سے ملاقات کے دوران گفتگو کررہے تھے اس موقع پر پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو نے سندھ کی سیاسی صورتحال پر بھی گفتگو کی۔صوبائی وزیر توانائی سے ملاقات کے موقع پر بلاول بھٹو زرداری کے ہمراہ پی پی پی کی مرکزی رہنما فریال تالپور اور آصفہ بھٹو زرداری بھی موجود تھیں۔