لاہور (نمائندہ خصوصی) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما ووفاقی وزیر خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ اقتدار رہے یا جائے مسلم لیگ (ن) اور اتحادی اصولوں پر کھڑے رہیں گے۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں لیگی رہنما خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ پاکستان میں تبدیلی کے نام پر تباہی مسلط کرنے والے ریاستی سہولت کار کسی سماجی انقلاب کے لئے نہیں بلکہ ذاتی مفادات اور گروہی بالا دستی کے لئے سرگرم ہیں۔انہوں نے کہا کہ احمقوں کا ایک بڑا گروہ ایک فریبی کو نجات دہندہ سمجھ بیٹھا ہے، آئین اور انصاف کے نام پر عدل کا کھلواڑ قبول ہے نہ گوارا، اس مقصد کے لئے بات کرنا پڑی یا لڑائی، جو مناسب ہوا کریں گے۔خواجہ سعد رفیق کا کہنا تھا کہ بارہا ہمارے ہاتھ پاﺅں باندھ کر میدان میں پھینکا گیا مگر اس بار نہیں، انصاف کے نام پر انصاف کا خون تسلیم نہیں کریں گے۔