کراچی ( بیورو رپورٹ)
کراچی کے چڑیا گھر میں بیمار ہتھنی دم توڑگئی جس کی تصدیق ایڈمنسٹریٹر کراچی ڈاکٹر سیف الرحمان نے کردی ہے۔چڑیا گھر کی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ نورجہاں کا کچھ ماہ پہلے آپریشن کیا گیا تھا، جس کے بعد پیچیدگیوں کے باعث ہتھنی کو چلنے پھرنے میں دشواری تھی۔ ۔انتظامیہ کے مطابق کچھ دن قبل ہتھنی نورجہاں تالاب میں جاکر بیٹھ گئی اور پھردوبارہ نہ اٹھ سکی۔دوسری جانب ایڈمنسٹریٹر کراچی ڈاکٹر سیف الرحمان کا کہنا ہے کہ کل سے ہتھنی نورجہاں بخار میں مبتلا تھی جسے بچانے کے لیے تمام کوششیں کی گئیں۔انہوں نے بتایا کہ نور جہاں کاعلاج عالمی ماہرین کی زیر نگرانی میں کیا گیا،گزشتہ دنوں ہتھنی کے علاج کےلیےفورپازکی ٹیم بھی کراچی آئی تھی۔سیف الرحمان کا کہنا ہے کہ ہتھنی نور جہاں کے انتقال پر دکھ ہوا ہے۔دوسری نورجہاں کی موت کے بعد سری لنکا پاکستان کو دو ہتھنیاں تحفے میں دے گا
سری لنکا کے اعزازی قونصل جنرل یاسین جوئیہ نے کراچی کے چڑیا گھر میں کئی عرصے سے علیل ہتھنی نور جہاں کی موت پر دکھ کا اظہار کیا ہے۔
نجی ٹی وی چینل سےبات کرتے ہوئے یاسین جوئیہ نے کہا کہ سری لنکا دو ہتھنیاں پاکستان کو تحفے میں دے گا۔ انہوں نے کہا کہ ایک ہتھنی کراچی چڑیا گھر اور دوسری لاہور چڑیا گھر کو دی جائے گی۔یاسین جوئیہ نے کہا کہ لاہور کے چڑیا گھر میں سوزی کے مرجانے کے بعد اب کوئی ہتھنی نہیں ہے۔واضح رہے کہ نور جہاں 22 اپریل بروز ہفتے کی صبح دم توڑ گئی جس کی تصدیق چڑیا گھر انتظامیہ نے کی۔