لاہور (نمائندہ خصوصی ) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی سینئر نائب صدر فواد چوہدری نے عثمان بزدار کو دوبارہ وزیراعلی پنجاب بنانے کی مخالفت کرتے ہوئے کہا ہے کہ عثمان بزدار کو وزیراعلی پنجاب بنانے کی ایڈوائس نہیں دونگا۔انہوںنے ایک انٹرویو کے دوران بتایا کہ پنجاب اسمبلی کے ٹکٹس خود چیئرمین پی ٹی آئی تقسیم کررہے ہیں، انتخابی ٹکٹس پر بہت سے سرپرائز ہیں، کئی لوگوں کو ٹکٹ نہیں دئیے گئے۔میری اطلاعات کے مطابق پرویزالٰہی ،عثمان بزدارکوٹکٹ دیاگیاہے،شہبازگل کوٹکٹ نہیں دیاگیا۔دوبارہ عثمان بزدار کو وزیراعلی پنجاب کا عہدہ دینے سے متعلق سوال کے جواب میں فواد چوہدری نے کہا کہ میں عثمان بزدارکو وزیراعلی پنجاب بنانے کے لئے ایڈوائس نہیں کروں گا۔میزبان نے سوال کیا کہ کیا عمران خان دوبارہ عثمان بزدارکو وزیراعلی بنائیں گے تو کیاآپ کو حیرت ہوگی؟، جس پر فواد چوہدری نے کہا کہ جی یقینی طورپرحیرت ہوگی لیکن یہ عمران خان کافیصلہ ہوگا۔سپریم کورٹ میں پنجاب انتخابات سے متعلق ہونے والی سماعت سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ سپریم کورٹ چاہتی ہے بہتر ماحول میں کام ہوجائے اسی لئے عدالت عظمی قانونی اورسیاسی دونوں پہلو دیکھ رہی ہے۔پی ڈی ایم رہنماﺅں پر تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ پی ڈی ایم حکومت کہتی تھی کہ بینچ کابائیکاٹ کرینگے،آج عدالت میں جب بینچ نے کہا کہ آپ بائیکاٹ کررہے ہیں تو کہنے لگے نہیں، پی ڈی ایم میں کنفیوژن ہے ایک لیڈر الگ دوسرا لیڈر الگ بات کرتا ہے،پی ڈی ایم باہرعدالت کو اسکینڈ لائز اور اندر ساتھ لےکر چلنا چاہتی ہے۔