کراچی (نمائندہ خصوصی )وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ سے کراچی میں مقرر چین کے نئے قونصل جنرل یانگ یونڈونگ نے جمعرات کو وزیراعلی ہاس میں ملاقات کی۔ وزیراعلی سندھ نے چین کے نئے قونصل جنرل کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان دوستی کی بنیاد شہید ذوالفقار علی بھٹو نے رکھی تھی۔ انہوں نے مزید کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان برادرانہ تعلقات وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ مضبوط ہوئے ہیں۔ سید مراد علی شاہ نے نئے قونصل جنرل سے کہا کہ وہ سندھ کو اپنا دوسرا گھر سمجھیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ سندھ حکومت اور صوبے کی عوام چین کے لوگوں کے ساتھ برادرانہ تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ قونصل جنرل نے وزیر اعلی سندھ کی حمایت اور تعاون پر شکریہ ادا کیا۔