کراچی ( نمائندہ خصوصی)متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے کنوینر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کہا ہے کہ اس شہر کے میں تمام زبانیں بولنے والے شہریوں سے کہتا ہوں کہ جن کے دکھ درد، مسائل ایک جیسے ہیں ہم سب کو اپنے برابر کا حق دار اور وفا دار سمجھتے ہیں انہوں نے کہا کہ یہاں کشادہ دلی اور مہمان نوازی ہے جس کی وجہ سے ملک بھر سے لوگ یہاں آکر کام کرتے ہیں، یہاں مواقع ہی زیادہ نہیں بلکہ دل بھی بڑے ہیں، آپ سب باہر نکلیں کیونکہ مردم شماری کے سلسلے میں کی جانے والی یہ زیادتی کراچی میں رہنے والے تمام عوام کے ساتھ زیادتی ہے اور وہ تمام سیاسی جماعتیں جنہوں نے پورے شہر میں بینر لگا دئیے ہیں انکا کام صرف بینر لگانا نہیں ہے آئیں وہ ہمارا ساتھ دیں ناکہ ہمارا راستہ روکنے کی کوشش کریں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایم کیو ایم پاکستان کے مرکز سے متصل پارک میں میڈیا کے نمائندوں سے پرہجوم پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے مزید کہا کہ کراچی اور حیدرآباد میں ایک بلاک میں 187 گھر ہیں جبکہ پورے پاکستان میں ایک بلاک میں اوسط 250 گھر ہیں،کراچی کی 53 لاکھ آبادی کو تو سیدھے سیدھے حساب کے تحت کم کر دیا گیا ہے،کراچی کی آبادی کو ایک فارمولے کے تحت کم کیا جارہا ہے۔انکا کہنا تھا کہ نادرا کے ڈیٹا کے مطابق کراچی کے ایڈریس پر 2 کروڑ افراد کو شناختی کارڈ کا اجرا ہوا ہے، کراچی میں دیگر صوبوں سے آنے والے افراد کی تعداد بہت زیادہ ہے۔جو روزگار کے حصول کے لیے کراچی کا رخ کرتے ہیں کیا وہ تمام لوگ کراچی کا پانی بجلی گیس سڑکیں اور دیگر انفرا اسٹرکچر استعمال نہیں کر رہے ہیں۔