اسلام آباد(نمائندہ خصوصی)گوادر سمارٹ پورٹ سٹی ماسٹر پلان کے فریم ورک کے تحت ایسٹ بے ایکسپریس وے کے ساتھ ساتھ ”انرجی کوریڈور“کے نام سے معروف گوادر کی ایک بڑی شاہراہ تعمیر کی جانے والی ہے۔گوادر پرو کے مطابق انرجی کوریڈور ایک لمبا اور سیدھا راستہ ہوگا جو گوادر پورٹ، گوادر فری زون ساوتھ اور گوادر فری زون نارتھ تک پہنچنے والی زیر زمین پاور ٹرانسمیشن لائنوں کی تنصیب میں سہولت فراہم کرنے کےلئے ڈیزائن کیا گیا ہے۔ مزید برآں کوریڈور سیوریج لائنوں اور پینے کے پانی کی پائپ لائنوں کے نظام کے لیے بنیادی ڈھانچے کی میزبانی کرے گا۔گوادر پرو کے مطابق فی الحال گوادر کو پاکستان کے باقی حصوں سے جوڑنے والا کوئی ریلوے نظام موجود نہیں ہے، ایک مجوزہ فزیبلٹی اسٹڈی میں انرجی کوریڈور کی سیدھی پٹی کے ساتھ ریلوے ٹریک بچھانے کی سفارش کی گئی ہے۔گوادر پرو کے مطابق گوادر ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے ٹاو¿ن پلاننگ ڈیپارٹمنٹ کے ایک اہلکار عبدالرزاق نے گوادر پرو کو بتایا کہ انرجی کوریڈور کے ساتھ مختص جگہ کو پارکس بنانے کےلئے بھی استعمال کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ مقامی ماحولیاتی نظام کو بڑھانے اور انرجی کوریڈور کی خوبصورتی میں حصہ ڈالنے کے لیے درخت لگائے جائیں گے۔