پاکستان میں ہر سال تین لاکھ افراد کینسر کے مرض میں مبتلا ہو رہے ہیں۔ مسز زینب ابراہیم اور یوسف جمیل کی کمشنر کو بریفنگ
فلاحی کاموں میں کراچی دنیا میں سب سے آگے ہے۔ محمد اقبال میمن
بہت سی کمیونٹیز اور افراد کا انفرادی طور پر فلاحی کاموں بڑا کنٹریبیوشن ہے۔ کمشنر کراچی
کراچی ( اسٹاف رپورٹر ) کمشنر کراچی محمد اقبال میمن نے کہا ہے کہ کراچی دنیا میں سماجی، فلاحی کاموں ، انسانیت کی خدمت میں سب سے آگے ہے ۔ انفرادی طور پر افراد اور شہر کی بہت سی کمیونٹیز کا فلاحی کاموں میں بڑا کنٹریبیوشن ہے ۔ یہ بات انہوں نے سٹیزن ڈویلپمنٹ ویلفیئر سوسائٹی کے تحت چلنے والے بیت السکون کینسر ہاسپٹل کے دورے کے موقع پر کہی۔ ہسپتال کی چیئرپرسن مسز زینب اے ابراہیم، کو چیئرمین جمیل یوسف ، چیف آپریٹنگ آفیسر سید جعفر علی ودیگر بھی موجود تھے۔ انہوں نے کہا کہ
میرے والد اور والدہ سرطان کے مرض میں مبتلا تھے۔مجھے مریضوں اور ان کے اہل خانہ کی تکلیفوں کا بخوبی اندازہ ہے۔
بیت السکون غریب اور متوسط طبقے کو علاج کی معیاری سہولیات فراہم کر رہا ہے۔ علاج کی سہولیات شہر کے کسی بھی بڑے ہسپتال سے کم نہیں ۔ انہوں نے ادارے کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے ، بحیثیت کمشنر کراچی ادارے کے لیے نیک خواہشات اور اپنے بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی ۔ کمشنر کراچی محمد اقبال میمن نے ہسپتال کے مختلف شعبوں کا دورہ کیا اور مریضوں سے خیریت دریافت کی ۔ اس موقع پر ادارے کی چیئرپرسن مسز زینب اے ابراہیم اور کو چیئرمین یوسف جمیل بریفنگ میں بتایا کہ پاکستان میں ہر سال تین لاکھ افراد سرطان کے مرض میں مبتلا ہو رہے ہیں۔ بیت السکون 72 بستروں پر مشتمل جدید سہولیات سے آراستہ ہسپتال ہے ۔ کینسر کا علاج بہت مہنگا ہے ، 22 سال سے غریب اور متوسط طبقے کو علاج کی مفت سہولیات فراہم کر رہے ہیں ۔پورے سندھ کے علاوہ بلوچستان اور افغانستان سے سے ہمارے پاس مریض رجسٹرڈ ہیں۔