اسلام آباد (نمائندہ خصوصی)مشیر امورکشمیر قمر زمان کائرہ نے کہا ہے کہ فیصلوں پر تمام تر اعتراضات کے باوجود سپریم کورٹ کے احترام میں آئے ہیں، اداروں کے ساتھ ٹکراﺅ نہیں چاہتے کل بھی یہی موقف تھا آج بھی عدالت میں یہی موقف دیا ہے، جب جب سیاسی فیصلے عدالتی ایوانوں میں ہوئے ہیں اس کے نقصانات زیادہ اور فوائد کم ہوئے ہیں، ہم بھی کوشش کریں گے کہ سیاسی جماعتوں کو اکٹھا کرکے سیاسی مسائل کو حل کریں۔ جمعرات کو مشیر امورکشمیر قمر زمان کائرہ نے وفاقی وزراءخواجہ سعد رفیق اور اعظم نذیر تارڑ و دیگر کے ہمراہ سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ماضی قریب اورماضی بعید کے فیصلوں پر بہت سارے اعتراضات ہیں تمام تر اعتراضات کے باوجود سپریم کورٹ کے احترام میں آئے ہیں ، اداروں کے ساتھ ٹکراﺅ نہیں چاہتے، اداروں کے ساتھ انکے دائرہ کار میں رہ کر کام کرنا چاہتے ہیں، کل بھی ہمارا یہی موقف تھا اور آج بھی عدالت میں یہی کہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عدالت کا بھی یہی کہنا ہے کہ سیاسی فیصلوں کے اندر جب عدالتوں کو فیصلے کرنا پڑتے ہیں تو کئی تکنیکی مسائل سامنے آتے ہیں اور کئی اعتراضات اٹھتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ہم نے بھی گزارش کی ہے کہ سیاسی فیصلے سیاسی میدانوں میں ہوں تو ہی بہتر ہوسکتے ہیں اورجب جب سیاسی فیصلے عدالتی ایوانوں میں ہوئے ہیں اس کے نقصانات زیادہ اور فوائد کم ہوئے ہیں۔ قمر زمان کائرہ نے کہا کہ توقع ہے کہ عدالت بھی اس بات کو مانے گی۔ انہوں نے کہا کہ ہم بھی کوشش کریں گے کہ سیاسی جماعتوں کو اکٹھا کرکے سیاسی مسائل کو حل کریں۔