اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) پارلیمان کے ایوان بالا نے قومی احتساب ترمیمی بل 2023، پاکستان میری ٹائمز زون بل 2023 کثرت رائے سے منظور کر لیا جس کے بعد اجلاس غیر معینہ مدت کے لئے ملتوی کر دیا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق سینیٹ کا اجلاس گزشتہ روز چےئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کے زیر صدارت ہوا جس میں قومی احتساب ترمیمی بل 2023، پاکستان میری ٹائمز زونز بل 2023 اور مجموعہ ضابطہ دیوانہ بل 2023 کثرت رائے سے منظور کر لیا گئے۔ علاوہ ازیں ایوان بالا میں پنجاب میں انتخابات کے لئے رقم کی فراہمی کے حوالے سے سینٹ میں قائمہ کمیٹی خزانہ کی رپورٹ بھی پیش کی گئی جس پر اپوزیشن نے شدید احتجاج کیا۔ اس کے علاوہ اجلاس میں پنجاب اور خیبر پختون خواہ منیم الیکشن کے لیے رقم مختص کرنے کے حوالے سے بل پیش کرنے کی تحریک پر رائے شماری کی گئی۔ حکومتی اتحاد کو بل کے حق میں 26 اور مخالفت میں 19 ووٹ پڑے۔ سینیٹ اجلاس میں وفاقی وزیر قانون اعظم نزیر تارڑ نے قومی احتساب ترمیمی بل 2023 ایوان میں پیش کیا جسے کثرت رائے سے منظور کر لیا گیا۔ اس موقع پر وزیر قانون نے کہا میری گزارش ہے بل کو کمیٹی میں بھیجنے کی بجائے منظور کیا جائے۔ جماعت اسلامی کے سینیٹر مشتاق احمد نے کہا میں اس بل کی مخالفت کرتا ہوں۔ انہوں نے کہا اس بل کی منظوری کے بعد نیب میں کرپشن مذید بڑھے گی۔ وفاقی وزیر قانون نے کہا مشتاق احمد صاحب گزارش ہے بل کو پڑھ کر آیا کریں۔ محض ٹی وی کی خبر کے لئے ایسا نہ کیا کریں۔ آپ قانون سازی کا مذاق اڑا رہے ہیں۔ عدالت نے شاید یہ سمجھ لیا کہ ان کے اختیارات ختم کردیے گئے۔اپوزیشن نے بل کی منظوری کے خلاف سینیٹ اجلاس میں شور شرابا بھی کیا۔ اپوزیشن نے احتجاج کرتے ہوئے ایجنڈے کی کاپیاں پھاڑ دیں۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سینیٹ میں قائد حزب اختلاف ڈاکٹر شہزاد وسیم نے کہا ان کو اپنے کیسز معاف کروانے کی جلدی ہے۔ اب ان کو اپنی مشکلات نظر آرہی ہیں۔ ادھوری اسمبلی میں قانون سازی ہورہی ہے۔ یہاں پر قانون سازی کو بلڈوز کیا جارہا ہے۔ یہ پارلیمنٹ کا مذاق اڑا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا بہتر ہے بلز کو منظور کرنے کی بجائے قائمہ کمیٹی کو بھیجا جائے۔ اس وقت جلدی تھی اپنے کیسز ختم کروانے کی تھی۔ قانون کے مطابق قانون سازی نہیں ہو رہی۔ ڈاکٹر شہزاد وسیم نے کہا سیاسی مفاد کے لئے عید لیہ کے اختیارات کم کر رہے ہیں۔ یہ بل پیش کر رہے ہیں یا بلبلا رہے ہیں۔ بل کو اسٹینڈنگ کمیٹی میں لے کے جائے۔ یہ پارلیمنٹ کسی کی جاگیر نہیں پارلیمنٹ لے کے آئے اور اس پر بات کرے۔ سینیٹ کا اجلاس غیر معینہ مدت کے لئے ملتوی کر دیا گیا ہے۔