اسلام آباد (نمائندہ خصوصی)وزیر اعظم میاں محمد شہبازشریف نے ایسی تمام لگژری گاڑیوں جو کہ Carnet-de-Passageکے تحت لائی گئیں اور اپنی معینہ مدت پوری ہونے کے باوجود غیر قانونی استعمال میں ہیں کو فوری ضبط کرنے کے احکامات جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ متعلقہ محکموں نے ایسی گاڑیوں کے خلاف پیشگی کاروائی کیوں نہیں کی؟وزیر اعظم نے اس معاملے پر کمیٹی قائم کرنے کی ہدایت کی ہے۔وزیر اعظم نے کہا ہے کہ وہ تمام اہل کار جو اسکیم کے غیر قانونی اور ناجائز استعمال ملوث پائے گئے یا اس حوالے سے غفلت کے مرتکب ہوئے انکے خلاف سخت کاروائی کی جائے گی۔Carnet-de-Passage کے تحت ایسی تمام گاڑیاں جو اپنی مدت پوری کر چکی ہیں انکا تفصیلی اور درست ڈیٹا جلد از جلد اکٹھا کیا جائے۔ وزیر ِ اعظم محمد شہباز شریف نے اسکیم کے تحت لائی گئی گاڑیوں کے معینہ مدت سے زائد اور غیر قانونی استعمال کا سخت نوٹس لیتے ہوئے بدھ کے روز اسلام آباد میں ایک خصوصی اجلاس کی صدارت کی۔اجلاس میں ملک میں لگژری گاڑیوں کے داخلے اور اخراج (entry and exit) کے طریقہ کار پر بریفنگ دی گئی۔اجلاس میں ایسی لگژری گاڑیوں کی نشاندہی بھی کی گئی جو کہ Carnet-de-Passageکی سہولت کے تحت پاکستان میں لائی گئیں اور طے شدہ مدت پوری ہو جانے کے باوجود استعمال ہو رہی ہیں جس پر وزیرِ اعظم نے شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ایسی تمام گاڑیاں فوری ضبط کرنے کے احکامات جاری کئی۔وزیر اعظم نے استفسار کیا کہ متعلقہ محکموں نے ایسی گاڑیوں کے خلاف پیشگی کاروائی کیوں نہیں کی ۔اس ضمن میں وزیر ِ اعظم نے ایک کمیٹی بنانے کی بھی ہدایت کی جو اس تمام معاملے کی تحقیقات کر کے ذمے داروں کا تعین کرے گی ۔وزیر ِ اعظم نے کہا کہ وہ تمام اہل کار جو اسکیم کے غیر قانونی اور ناجائز استعمال میں ملوث پائے گئے یا اس حوالے سے غفلت کے مرتکب ہوئے انکے خلاف سخت کاروائی کی جائے گی۔وزیر اعظم نے فیڈرل بورڈ آف ریونیو کو ہدایت کی کہ Carnet-de-passage اسکیم کے تحت ایسی تمام گاڑیاں جو اپنی مدت پوری کر چکی ہیں انکا تفصیلی اور درست ڈیٹا جلد از جلد اکٹھا کیا جائے۔اجلاس میں وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ خان،وفاقی وزیر تجارت سید نوید قمر ،وزیر ِ اعظم کے معاون خصوصی براے خزانہ طارق باجوہ اور متعلقہ سرکاری افسران نے شرکت کی۔