اسلام آباد (نمائندہ خصوصی)وفاقی وزیر صحت عبدالقادر پٹیل نے کہا ہے کہ مشکل ترین وقت میں بھی ہماری توجہ پولیو کے خاتمہ پر مرکوز رہی ہے،چیلنجز کے باوجود پولیو کے خاتمہ کے لئے پرعزم ہیں۔ بدھ کو اپنے ایک بیان میں وزیر صحت عبدالقادر پٹیل نے کہا کہ کئی اضلاع میں صحت کی خدمات کے بنیادی ڈھانچے کو شدید نقصان پہنچا ہے اور ہزاروں لوگ اپنے گھر اور ذریعہ معاش سے محروم ہو گئے ہیں، جس سے 2022 کے سیلاب کے بعد ہمارے سماجی تحفظ کے طریقہ کار پر شدید دبا پڑا ہے۔ ہم اب بھی بحالی کے کاموں میں سرگرم عمل ہیں لیکن ان مشکل ترین دور کے باوجود پاکستان نے پولیو کے خاتمے سے اپنی توجہ نہیں ہٹائی کیونکہ پاکستان کے بچے پوری دنیا کے بچوں کی طرح ایک صحت مند زندگی کے مستحق ہیں۔وزیر صحت نے مزید کہا کہ عالمی برادری کی فراخدلانہ تعاون کا شکریہ ادا کرتے ہیں، پاکستان پولیو وائرس کے خلاف جارحانہ انداز میں لڑ رہا ہے۔ ڈونرز سے کامیاب ویکسین مہمات کے لئے فنڈنگ کا تعاون لازمی ہے، تاکہ ہم کامیابی سے حفاظتی ویکسین کی مہمات چلا سکیں اور ہم اپنا مطلوبہ ہدف حاصل کر سکیں، ہم آخری باقی ماندہ جغرافیائی علاقوں سے حفاظتی ویکسین سے وائرس کو ختم کرنے کے لیے فعال طور پر کام کر رہے ہیں۔