لاہور (نمائندہ خصوصی)عیدالفطر کی آمد، مہنگائی کے باعث عام لوگوں کے لیے قوت خرید جواب دے گئی، بازاروں میں خریداروں کا رش انتہائی کم، خریدار نہ ہونے کی وجہ سے دکاندار انتہائی پریشانی کا شکار۔ تفصیلات کے مطابق عیدالفطر قریب آتے ہی ملک کے مختلف شہروں کی مارکیٹوں اور بازاروں میں لوگ بازاروں کا رخ کرنے لگے۔ رپورٹس کے مطابق رواں سال عید کی آمد کے موقع پر بازاروں میں خریداروں کا رش بہت کم ہے۔مہنگائی کے باعث لوگوں کے لیے عیدالفطر کے لیے سامان خریدنا مشکل ہو چکا ہے۔ عید پر پہننے والے ملبوسات بھی مہنگے ہو گئے ہیں، ریڈی میڈ کپڑوں کی قیمت میں 35 سے 40 فیصد اضافہ کر دیا گیا ہے۔ اسی طرح جوتوں اور چوڑیوں کی قیمتوں میں بھی بے تحاشہ اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔بڑھتی ہوئی مہنگائی خریداری کیلئے آنیوالے لوگوں کے لیے درد سر بن چکی ہے اور وہ مہنگے ملبوسات اور دیگر اشیاءخریدے بغیر ہی گھروں کو خالی ہاتھ واپس جانے پر مجبور ہو گئے ہیں۔عیدالفطر کی آمد قریب آتے ہی ذخیرہ اندوزوں اور منافع خور مافیا کے وارے نیارے ہو چکے ہیں اور وہ اشیاءکو من مانی قیمتوں پر فروخت کرتے نظر آتے ہیں۔ یوں رواں سال مہنگائی نے شہریوں کی عید کی خوشیاں مانند کر دی ہے۔ جبکہ دکاندار بھی خریدار نہ ہونے کی وجہ سے پریشان ہیں۔ یہاں واضح رہے کہ گزشتہ ایک سال کے دوران ملک میں مہنگائی کے تمام ہی ریکارڈ ٹوٹ گئے، ہفتہ وار مہنگائی کی شرح 44 فیصد جبکہ مہنگائی کی سالانہ شرح 200 فیصد اضافے سے 35 فیصد سے زائد ہو چکی، اسی باعث پاکستانیوں کیلئے رواں سال کا رمضان المبارک اور عید مشکل ترین ثابت ہوئے۔