کراچی (نمائندہ خصوصی ) صوبائی وزیر اطلاعات، ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ شرجیل انعام میمن کی ہدایت پر محکمہ ٹرانسپورٹ نے صوبہ بھر میں زائد کرایہ وصول کرنے والے ٹرانسپورٹر کے خلاف کارروائیاں تیز کر دیں ۔ سیکرٹری پروانشل ٹرانسپورٹ اتھارٹی امیت نوانی کی سربراہی میں کراچی میں مقررہ کرایوں کی خلاف ورزی کے خلاف مہم میں گزشتہ رات کراچی میں 45 گاڑیوں کو چیک کیا گیا، خلاف ورزی کرنے پر ٹرانسپورٹرز پر 15000 روپے جرمانہ عائد اور مسافروں کو 97000 روپے واپس کئے گئے ۔
اسی طرح شہید بےنظیر آباد میں خلاف ورزی پر ٹرانسپورٹرز پر 5000 روپے جرمانہ عائد کیا گیا ۔ لاڑکانہ میں 30 گاڑیوں کا چالان کیا گیا ، 17100 روپے جرمانہ عائد اور مسافروں کو 7800 واپس کئے گئے۔ بدین میں ٹرانسپورٹرز پر 7500 روپے جرمانہ عائد ، 6800 روپے مسافروں کو واپس کیا گیا ۔
محکمہ ٹرانسپورٹ سکھر نے موٹر وے پولیس کے ہمراہ روھڑی ملتان موٹر وے پر کارروائی میں ٹرانسپورٹرز پر 10500 روپے جرمانہ عائد کیا اور 12300 روپے مسافروں کو واپس دلوائے۔ محکمہ ٹرانسپورٹ نے مٹھی اور دیگر اضلاع میں بھی ٹرانسپورٹرز پر جرمانہ عائد کیا۔ واضح رہے کہ محکمہ ٹرانسپورٹ نے صوبہ بھر میں افسران کی چھٹیاں منسوخ کر دی ہیں اور عوام کی سہولت کے لیے محکمہ کے دفاتر کھلے رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔