کراچی(نمائندہ خصوصی) صوبائی وزیر اطلاعات شرجیل انعام میمن نے ایکسپریس نیوز کراچی کے بیورو چیف سید فیصل حسین کے ساتھ اے ٹی ایم سے رقم نکلوانے کے دوران لوٹ مار کی واردات کا سختی سے نوٹس لے لیا۔
صوبائی وزیر اطلاعات شرجیل انعام میمن نے ڈی آئی جی ایسٹ مقدس حیدر سے فون پر رابطہ کرکے فوری طور پر واردات میں ملوث ملزمان کو گرفتار کرکے چھینی گئی رقم، اے ٹی ایم کارڈ اور آئی فون برآمد کرنے کی ہدایت کی ہے۔
بیورو چیف ایکسپریس نیوز کراچی فیصل حسین کو شلوار قمیض میں ملبوس مسلح ڈاکو نے انتہائی دیدہ دلیری سے نیوٹاؤن کے علاقے شرف آباد کے قریب نجی بینک کے اے ٹی ایم میں گھس کر اسلحے کے زور پر 50 ہزار روپے نقد، آئی فون 11 اور اے ٹی ایم کارڈ سے محروم کردیا اور باآسانی موٹر سائیکل پر بیٹھ کر فرار ہوگیا۔
مسلح ڈاکو نے نجی بینک کے اے ٹی ایم روم کے دروازے پر لگے لاک کے خراب ہونے کا بھرپور فائدہ اٹھایا اور اے ٹی ایم استعمال کرنے کے دوران ڈاکو باآسانی اندر داخل ہوا اور واردات کرکے فرار ہوگیا۔دریں اثناء بیورو چیف ایکسپریس نیوز کراچی فیصل حسین کے ساتھ لوٹ مار پر پاکستان رپورٹرز فورم انٹر نیشنل کی شدید مذمت کرتے ہوئے صدر میاں طارق جاوید اور جنرل سیکریٹری انفاس کھوکھر
جوائنٹ سیکریٹری فیصل چوہدری اور اراکین مجلس عاملہ نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا کہ وہ ملوث ڈاکوؤں کو فوری گرفتار کرکے قانون کے کٹہرے میں لائیں۔