کراچی(نمائندہ خصوصی) وزیرِصحت سندھ عذرا پیچوہو نے سندھ میت وین سروس کا افتتاح کر دیا ہے۔سندھ میت وین سروس کی افتتاحی تقریب گورنمنٹ ڈی جے سائنس کالج گراﺅنڈ میں منعقد کی گئی۔ڈاکٹر عذرا پیچوہونے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ سوشل میڈیا پر بہت چہ میگوئیاں ہو رہی تھیں، کہا جا رہا تھا یہ گاڑیاں خراب کھڑی ہیں، ہم ان ہی گاڑیوں کو تیار کر رہے تھے اس لیے تاخیر ہوئی۔عذرا پیچوہو نے کہا کہ میت وین کے لیے یہ الگ سے سروس شروع کی ہے، ابتدائی طور پر 25 وین سے اس سروس کا آغاز کیا ہے، 8 کراچی جبکہ 5 دیگر اضلاع میں یہ وینز فراہم کی جائیں گی۔انہوں نے کہاکہ کراچی سے اندرون سندھ بھی اس گاڑی سے میت منتقل کی جاسکے گی، سندھ میں ایمبولینسوں کی تعداد میں بھی اضافہ کر رہے ہیں۔عذراپیچوہو نے کہا ہے کہ ملک میں ادویات کا معاملہ ڈریپ کے پاس ہے، سندھ حکومت ادویات ساز کمپنیوں کےخلاف کارروائی نہیں کرسکتی۔انہوں نے کہا کہ لوگ اب گھروں میں بھی کورونا کا علاج کررہے ہیں، عید کا موقع ہے شہریوں کے لیے احتیاط کرنا ضروری ہے۔عذرا پیچوہو نے کہا ہے کہ ریبیبز کی ویکسین مذید منگوارہے ہیں۔