لاہور(نمائندہ خصوصی) جماعت اسلامی کی جانب سے ملک میں سیاسی درجہ حرارت میں کمی اور ایک ہی روز انتخابات پر اتفاق رائے کے لئے کاوشیں جاری ہیں ۔ جماعت اسلامی کے نائب امیر لیاقت بلوچ نے مسلم لیگ (ق) کے صدر چوہدری شجاعت حسین سے ان کی رہائشگاہ پر ملاقات کی ۔ اس موقع پر چیف آرگنائزر چوہدری سرور اور جنرل سیکرٹری پاکستان مسلم لیگ چوہدری شافع بھی موجود تھے ۔ ملاقات میں ملک کی مجموعی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ اس بات پر بھی اتفاق کیا گیا کہ ملک بھر میں انتخابات ایک پی روز ہونے چاہئیں۔ لیاقت بلوچ نے پاکستان مسلم لیگ کی قیادت سے سیاسی تناﺅکم کرنے میں تعاون کی درخواست کی ۔ چوہدری شجاعت حسین نے کہا کہ ہم بھی سیاسی بحران کو ختم کرنا چاہتے ہیں تاکہ ملکی آگے بڑھ سکے، پہلی دفعہ ہے کہ ادارے آپس میں دست و گریباں ہیں،یہ حالات ملک کے لئے کسی صورت مناسب نہیں ہیں ۔ چوہدری سرور نے کہا کہ سیاسی بحران کو ختم کرنے کے لئے ایک دن انتخابات ہونے چاہئیں،ملک کی معاشی صورتحال بار بار انتخابات کی متحمل نہیں ہو سکتی ہے،سیاست دانوں کو مل کر عوام کے معیار زندگی کو بلند کرنے کا سوچنا ہو گا۔