اسلام آباد (نمائندہ خصوصی)وفاقی وزیر مذہبی امور سینیٹرمحمد طلحہ محمود نے پاکستان میں سعودی عرب کے سفیر نواف سعید المالکی سے ملاقات کی۔ جس میں دونوں ممالک کے درمیان دو طرفہ تعلقات سمیت حج انتظامات کے حوالے سے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ منگل کو وزیرمذہبی امور کا قلمدان سنبھالنے کے بعد سعودی سفیر سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے سینیٹر طلحہ محمود نے کہا کہ نواف سعید المالکی پاکستان کے قابل قدر دوست ہیں جنہوں نے دونوں ممالک کے عوام کو قریب لانے میں کلیدی کردار اداکیا ہے۔ اس موقع پر انہوں نے سرکاری اسکیم کے عازمین حج کی سہولیت کے لئے روڈ ٹو مکہ پراجیکٹ کی پاکستان کے دیگر شہروںتک توسیع کے لئے بھی بات چیت کی جس پر سعودی سفیر نواف سعید المالکی نے کہا کہ روڈ ٹو مکہ پراجیکٹ کے لئے سعودی اہلکاروں کو مخصوص ائرپورٹ ٹرمینل 25اپریل کو حوالے کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ سینیٹر طلحہ محمود سعودی عرب کے دیرینہ اور بھروسہ مند دوست ہیں۔ سعودی سفیر نے وزارت مذہبی امور کا قلمدان سنبھالنے پر سینیٹر طلحہ محمود کو مبارکباد پیش کی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ طلحہ محمود کے عہدہ سنبھالنے سے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان تعلقات اور تعاون کے ایک نئے دور کا آغاز ہو گا۔ انہوں نے وزیر مذہبی امور کو ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی اور کہا کہ فریضہ حج کی ادائیگی میں پاکستان کے حاجیوں کے ساتھ سعودی حکومت ہر ممکن تعاون کرے گی۔ سینیٹر طلحہ محمود نے کہا کہ مفتی عبدالشکور کے مشن کے تحت پاکستانیوں کو بہترین حج سہولیات دینا میری اولین ترجیح ہوگی۔