اسلام آباد(نمائندہ خصوصی)سپریم کورٹ کی جانب سے پنجاب میں انتخابات کے لیے فنڈز کی فراہمی کی دوسری دی گئی ڈیڈ لائن بھی ختم ہوگئی ، الیکشن کمیشن آف پاکستان کو فنڈز فراہم نہ کئے جا سکے۔ منگل کے روز الیکشن کمیشن آف پاکستان کی طرف سے رجسٹرار آفس سپریم کورٹ کو جمع کرائی گئی رپورٹ میں فنڈز کی تاحال عدم دستیابی بابت آگاہی دے دی گئی ہے۔ منگل کو ہی اسٹیٹ بنک حکام اور وزارت خزانہ کی طرف سے بھی فنڈز کے عدم اجراء بابت سربمہر رپورٹ رجسٹرار آفس سپریم کورٹ کو جمع کرا دی گئی ۔ سپریم کورٹ آف پاکستان نے اپنے گزشتہ حکم میں وزارت خزانہ اور اسٹیٹ بنک کو 17 اپریل تک پنجاب اور خیبر پختونخواہ انتخابات کیلئے الیکشن کمیشن آف پاکستان کو 21 ارب روپے کا اجراء یقینی بنا کر 18 اپریل کو اس پر پیش رفت رپورٹ جمع کرانے کی ہدائیت کی گئی تھی۔ جس پر آج اداروں کی طرف سے رپورٹس عدالت عظمی میں جمع کرا دی گئی ہیں۔ زرائع کے مطابق الیکشن کمیشن آف پاکستان نے اپنی رپورٹ میں بتایا ہے کہ انتخابات کے لیے فنڈز تاحال نہیں مل سکے،اسٹیٹ بینک کی طرف سے رقم منتقلی نہیں کی گئی،جبکہ اسٹیٹ بنک اور وزارت خزانہ نے اپنی رپورٹ میں رقم کی منتقلی نہ ہونے کی وجوہات بتائی ہیں۔واضح رہے رجسٹرار آفس سپریم کو اداروں کی طرف سے جمع کرائی گئی رپورٹس چیف جسٹس آف پاکستان سمیت بنچ دیگر دو فاضل ممبر ججز کو چیمبر میں پیش کی جانی ہے۔ جس کے چیف جسٹس آف پاکستان معاملہ کی اہمیت اور عدالت کی سہولت کے پیش نظر کسی بھی وقت دوبارہ سماعت کیلئے مقرر کر سکتے ہیں۔