اسلام آباد(نمائندہ خصوصی) اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے قرآنی قلمی نسخوں کی نمائش کا افتتاح کر دیا۔ اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کے دوران انہوں نے کہا کہ آئین کی گولڈن جوبلی کے موقع پر قرآن کے قلمی نسخوں کی نمائش پر ایرانی سفارتخانہ کا شکر گزار ہوں۔ گولڈن جوبلی منانے کا مقصد آئندہ نسلوں کو آئین پاکستان متعارف کرانا ہے۔ ستائیس رمضان جب پاکستان معرض وجود میں آیا، آج کے دن اس عظیم الشان قرآنی قلمی نسخوں کی نمائش قابل تحسین اقدام ہے۔ اس موقع پر پاکستان میں ایران کے سفیر سید محمد علی حسینی نے اسپیکرقومی اسمبلی کا قرآنی نمائش کے انعقاد پر شکریہ ادا کیا۔ انہوںنے کہا کہ ماہ مبارک رمضان میں عظیم الشان نمائش کا انعقاد قرآن سے والہانہ عقیدت کا مظہر ہے۔ نمائش میں قرآن کے درجنوں اصلی قلمی نسخے شامل ہیں جن میں سے کچھ فارسی تراجم کے ساتھ ہیں۔ قرآن کریم کے 800 سال قدیم نسخوں کا موجود ہونا پیغمبر اکرم (ص) کی میراث کی تاریخی حیثیت پر دلیل ہے۔ پاکستان میں ایرانی سفارت خانے کے ثقافتی قونصلر احسان خزاعی نے بھی قرآن پاک کے نسخوں کی نمائش کو دلچسپی رکھنے والوںکے لیے مفید قرار دیا اور دونوں ممالک کے درمیان ثقافتی اور فنی تعاون کو فروغ دینے اور بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا۔ اس نمائش میں 45 قرآنی نسخوں کے ساتھ ساتھ خطاطی کے پینل اور فن پارے بھی پیش کیے گئے ہیں۔ نمائش میں رکھنے جانے والے قرآن کی تحریر کی تاریخ 800 سال سے زیادہ ہے، خوبصورت نستعلیق، ثلث نسخ خطاطی سے لکھے گئے ہیں ، اور ان میں سے کچھ کو سونے کے پانی اور دیگر رنگوں اور پھولوں اور جھاڑیوں کے نمونوں سے سجایا گیا ہے۔