لاہور(نمائندہ خصوصی ) ٹیکس جمع کرنے والے افسران کی جانب سے اثاثے ظاہر نہ کرنے کا انکشاف ہوا ہے۔ ایف بی آر نے سالانہ اثاثہ جات ظاہر نہ کرنے والے اِن لینڈ ریونیو اور کسٹمز سروس کے394 افسران کے ناموں کی فہرست جاری کردی۔ایف بی آر نے گریڈ 17 ، 20 اور 21 کے افسران کو وارننگ بھی جاری کردی۔ایف بی آر کے مطابق 30 اپریل تک سالانہ اثاثہ جات ظاہر نہ کرنے والے متعلقہ افسران کا پرفارمنس الاﺅنس روک دیا جائے گا۔ایف بی آر کے ان لینڈ ریونیو سروس کے 295 اور کسٹمز سروس کے 99 افسران نے سالانہ اثاثہ جات ظاہر نہیں کئے ۔ایف بی آر کے مطابق اثاثے ظاہر نہ کرنے والے کسٹم اور ان لینڈ ریونیو افسران ایف بی آر ہیڈ کوارٹر سمیت ملک بھر کے مختلف دفاتر میں تعینات ہیں۔