کراچی (نمائندہ خصوصی) ایڈیشنل آئی جی پولیس کراچی جاوید عالم اوڈھو نے کہا ہے کہ میں ہمیشہ یہی بات کرتا ہوں کہ کراچی میں امن وامان کا قیام شہریوں کے تعاون کے بغیر ممکن نہیں ہے ،تاجر برداری کی جانب سے پولیس سے تعاون کرنے کی وجہ سے مارکیٹوں میںکاروبار اور خریداروں کی چہل پہل بھی زیادہ ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گل پلازہ مینجمنٹ کمیٹی کی جانب سے لگائے گئے پولیس رپورٹنگ کیمپ کے دورے کے موقع پر کیا۔ اس موقع پر ایس ایس پی سٹی عارف عزیز ، گل پلازہ مینجمنٹ کمیٹی کے وائس چیئرمین تنویر پاستا اور دیگر موجود تھے۔ ایڈیشنل آئی جی نے کہا کہ جس طرح تاجر رہنما تنویر پاستا کی جانب سے انتظامات کیے گئے ہیں میں چاہتا ہوں ہر جگہ ایسے انتظامات ہوں۔ انہوں نے کہا کہ کاروباری برادری اورپو لیس اکٹھے کام کریں اور لوگ اپنی فیملیوں کے ساتھ مارکیٹوں میں پرامن طریقے سے خریداری کریں ،اس اقدامات سے نہ صرف شہر بلکہ پورے ملک کی معیشت بہتر ہوگی اور امن وامان کی خراب صورتحال کو بہتر کرنے میں بھی مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ میں پولیس کی پوری ٹیم کو مبارک باد دیتا ہوں اور امید کرتا ہوں کے کاروباری حضرات اس ماڈل ا پنائیں گے۔ اس موقع پر ایس ایس پی سٹی عارف عزیز نے کہا کہ دلی خوشی ہوتی ہے کہ شہر اور اس علاقے کی رونقیں بحال رہیں جس طرح یہ سماں بنایا ہوا ہے بہت اچھا ہے اس کے لیے پولیس کی جانب سے ہرقسم انتظامات کیے گئے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ میں دعا کرتا ہوں رواں سال سیکو رٹی کے حوالے سے اچھا سال ثابت ہو ۔اس موقع پر گل پلازہ مینجمنٹ کمیٹی کے وائس چیئرمین تنویر پاستا نے کہا کہ میں ایڈیشنل آئی جی پولیس اور ایس ایس پی سٹی کا شکریہ ادا کرتا ہوں نے انہوں نے ہمارے کیمپ کا دورہ کیا اور اسے سراہا ہے، اس سے کاروباری افراد کے حوصلے بڑھیں ہیں اور وہ مزید بہتر کام کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری کوشش کہ ہم اچھے سے اچھا کرکے دکھائیں ۔