واشنگٹن (نمائندہ خصوصی )سابق امریکی مندوب زلمے خلیل زاد نے کہا ہے کہ کسی شخص یا ملک کے لیے لابنگ نہیں کرتا، نہ ہی کسی کا ایجنٹ ہوں۔میڈیارپورٹس کے مطابق سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں زلمے خلیل زاد نے کہا کہ میں پاکستان کے مسٹر 10 پرسنٹ کو جواب دے رہا ہوں۔انہوں نے مزید کہا کہ میں نے پاکستان کے بحران پر تشویش کا اظہار کیا ہے جو شدت اختیار کر رہا ہے، تجویز دی کہ اس صورتحال میں کیا کرنا چاہیے۔ سابق امریکی مندوب کا کہنا تھا کہ عام لوگ بیرون ملک پوش گھروں کے مالک نہیں جہاں وہ بھاگ سکیں۔ واضح رہے کہ سابق صدر آصف علی زرداری نے حامد میر کو خصوصی انٹرویو میں کہا تھا کہ زلمے خلیل زاد تنخواہ دار آدمی ہے۔آصف زرداری کا کہنا تھا کہ زلمے خلیل زاد کو کسی لابی نے اپروچ کیا ہوگا تبھی وہ عمران خان کی حمایت کر رہا ہے۔