کراچی(نمائندہ خصوصی) وزیراعلیٰ سندھ کے معاون خصوصی برائے محکمہ آرکائیوز سندھ محمد طارق حسن نے کہا ہے کہ حکومت سندھ کی ہدایت پر صوبے بھر میں بچت بازاروں کا انعقاد کیا گیا ہے جن کا مقصد عوام کو سستے داموں معیاری اشیائے خورد و نوش کی فراہمی ہے۔یہ بات انہوں نے عیدگاہ گرانڈ شاہ فیصل کالونی میں بچت بازار اور شاہ فیصل کالونی کے مرکزی بازار کا تفصیلی دورہ کرتے ہوئے کہی ۔دورے کے موقع پر وزیر اعلیٰ سندھ کے معاون خصوصی محمد طارق حسن نے بچت بازار میں لگائے گئے مختلف اسٹالز کا دورہ کیا اور اشیاءخوردونوش کی قیمتوں اور ان کے معیار کو جانچا معاون خصوصی لوگوں میں گھل مل گئے اور عوام سے اشیائے خورد و نوش کے معیار اور قیمتوں سے متعلق معلومات حاصل کیں جس پرعوام نے سندھ حکومت کے اس عوام دوست اقدام کو سراہا ۔اس موقع پر پاکستان مسلم لیگ قائد اعظم سندھ کے جنرل سیکرٹری کنور ارشد علی خان،کراچی کے صدر حاجی جمیل احمد خان ، سندھ کے صوبائی سیکریٹری نشر واشاعت صادق شیخ، معروف انسان دوست خدمت گار احمد حسن اور سندھ کے ابھرتے نوجوان ویٹ لفٹر حماد حسن اور دیگر رہنما موجود تھے۔ وزیراعلیٰ سندھ کے معاون خصوصی برائے محکمہ آرکائیوز سندھ محمد طارق حسن نے کہاکہ دکاندار ضروریات زندگی کی اشیا معیاری اور سرکاری نرخوں پر فروخت کریں سرکاری نرخ نامے کی فہرست سامنے آویزاں کریں ، بچت بازاروں کے قیام کا مقصد سندھ کے عوام کو ریلیف فراہم کرنا ہے جس کے لئے ضلعی انتظامیہ بھی اقدامات کر رہی ہے ۔