کراچی(نمائندہ خصوصی) وزیر بلدیات سندھ سید ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ سندھ حکومت ترقیاتی منصوبوں اور بچت بازاروں کے ذریعے عوام کو ریلیف فراہم کر رہی ہے،عوام کو ہر ممکن ریلیف کی فراہمی چیئرمین بلاول بھٹو کا وژن ہے۔یہ بات انہوں علی ہاس کراچی میں عوام سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہاکہ اربوں روپے سے جاری ترقیاتی منصوبے عوام کو ریلیف کا بڑا ذریعہ ہیں،سڑکوں ،پلوں، انڈرپاسز اور فلائی اوورز کی تکمیل سے لوگوں کی سفری سہولیات کے لیے سکون کا باعث ہوں گے۔انہوں نے کہاکہ شہر بھر میں چھوٹی بڑی سڑکوں کی مرمت و استرکاری کا کام تیزی سے جاری ہے ،عوام کو ریلیف دینے والے تمام اقدامات چیئرمین بلاول بھٹو کے وژن اور وزیر اعلی سندھ کی ہدایت پر کیے جا رہے ہیں، وزیر بلدیات سندھ نے کہاکہ بچت بازاروں کے ذریعے سستی اشیا کی عوام کو فراہمی بھی چیئرمین بلاول بھٹو کی ہدایات کے مطابق ہیں،حکومت کی جانب سے ناجائز منافع خوروں اور ذخیرہ اندوزوں کے خلاف کریک ڈان جاری ہے ،ذخیرہ اندوز اور ناجائز منافع خور معاشرے کا ناسور ہیں،سید ناصر حسین شاہ نے کہاکہ عوام کو لوٹنے والوں کے خلاف سزائیں، جرمانے اور مقدمات قائم کیے جا رہے ہیں اوربچت بازاروں پر کڑی نگرانی رکھنے کے لئے وزیر اعلی سندھ کی کابینہ کی ٹیم متحرک ہے۔ انہوں نے کہاکہ سندھ بھر کی انتظامیہ عوام کو سستی اشیا کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے ہر ممکن اقدامات میں مصروف ہے۔