کراچی( نمائندہ خصوصی )ٹرانسپورٹ مافیا کی عید الفطر سے قبل کرایوں میں اضافے سے عوام پریشان، ٹرانسپورٹروں نے غریب عوام سے عیدی لینا شروع کر دی، کرایوں میں 50 سے 70 فیصد اضافہ۔تفصیلات کے مطابق عید الفطر کے موقع پر کراچی سے کے پی کے، بلوچستان، پنجاب اور اندرون سندھ جانے والی بسوں کے مالکان نے کرائے میں 1500 سے 3500 تک کا اضافہ کر دیا۔پردیسی مسافروں کا کہنا ہے کہ بس مالکان نے انتظامیہ کی ملی بھگت سے کرایوں میں اضافہ کر دیا ہے غریب عوام کا کوئی پوچھنے والا نہیں ہے ٹرینوں میں برتھ اور نشست نہیں ملتی اس لیے مجبوری میں بس سے اپنے گھر جا رہے ہیں۔مسافروں کا کہنا ہے کہ متعلقہ ٹرانسپورٹ انتظامیہ نے مکمل خاموشی اختیار کی ہوئی ہے مسافروں نے وزیر اعلی سندھ اور وزیر ٹرانسپورٹ سے اپیل کی ہے کہ زائد کرایہ وصول کرنے والے ٹرانسپورٹروں کے خلاف کارروائیوں کا حکم صادر فرمائیں۔