کراچی / لاہور ( نمائندہ خصوصی)
پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور سابق وفاقی وزیر علی زیدی کو سندھ پولیس نے گرفتار کر لیا۔پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فرخ حبیب نے سوشل میڈیا پر جاری بیان میں بتایا کہ علی زیدی کو کراچی سے گرفتار کیا گیا ہے، علی زیدی کو پی ٹی آئی سندھ کے دفتر سے گرفتار کیا گیا۔ترجمان علی زیدی کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی سندھ کے صدر کو پولیس اہلکار اپنے ساتھ لے گئے ہیں۔ذرائع کے مطابق علی زیدی کی گرفتاری ابراہیم حیدری تھانے میں درج مقدمے میں کی گئی، علی زیدی کے خلاف آج ابراہیم حیدری تھانے میں مقدمہ درج ہوا، مقدمہ شہری فضل الہیٰ کی مدعیت میں درج کیا گیا، مقدمہ فراڈ اور دھمکی کی دفعات کے تحت درج کرایا گیا۔پی ٹی آئی سندھ کے ترجمان نے دفتر پر غیر قانونی پولیس چھاپے اور صوبائی صدر کی گرفتاری کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ علی زیدی پی ٹی آئی سندھ سیکرٹریٹ میں تنظیمی عہدیداران سے ملاقات کر رہے تھے، پولیس اہلکاروں نے علی زیدی کو گرفتار کرکےنامعلوم مقام پر منتقل کر دیا۔ترجمان پی ٹی آئی سندھ کا دعویٰ ہے کہ پولیس اہلکار جاتے وقت دفتر میں موجود کچھ افراد کے موبائل فونز بھی ساتھ لے گئے۔پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما فواد چوہدری نے کہا کہ علی زیدی کو بغیر کسی وارنٹ کے گرفتار کیا گیا ہے، ظلم اور جبر کا یہ نظام کسی طور پر قبول نہیں ہے.علی زیدی پر درج مقدمے کا متن بھی سامنے آگیا ہے جس میں مدعی نے الزام عائد کیا ہے کہ علی زیدی نے مجھ سے 2013 میں 18 کروڑ روپے لیے، پلاٹ کی فائل دی جس کی قیمت 16 کروڑ پچھتر لاکھ روپے بتائی، علی زیدی نے ایک کروڑ 25 لاکھ روپے چھ ماہ بعد دینے کا وعدہ کیا، وقت مقررہ پر رقم کا تقاضہ کیا تو ملزم ٹال مٹول کرنے لگا، رقم نہ ملنے پر پلاٹ کی فائل بیچنا چاہی تو وہ بھی جعلی نکلی، ملزم سے رقم کے لیے بار بار رابطہ کرنے پر دھمکیاں دی گئیں، ملزم کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے۔یاد رہے کہ علی زیدی سابق وفاقی وزیر اور پاکستان تحریک انصاف سندھ کے صدر بھی ہیں۔دریں اثناء
علی زیدی کی گرفتاری پر چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے ردعمل ظاہر کیا ہے اور کہا ہے کہ میں علی زیدی کی کراچی سے گرفتاری کی مذمت کرتا ہوں، یہ سب اسی لندن پلان کا حصہ ہے۔ عمران خان نے مزید کہا کہ دوٹوک الفاظ میں واضح کردوں کہ یہ ہتھکنڈے ان کے کسی کام نہیں آئیں گے، ان سب حربوں سے محض عوام کا غصہ ہی بڑھ رہا ہے، یہ سمجھتے ہیں ان اقدامات سے یہ انتخابات میں ہمیں کمزور کردیں گے۔عمران خان نے یہ بھی کہا کہ یہ لوگ 27 رمضان کے بعد یا عیدالفطر کے موقع پر زمان پارک پر یلغار کے نئےمنصوبے پر کام کررہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پولیس کے ذریعے مزید غیرقانونی کارروائیاں کی جارہی ہیں، پہلے علی امین اور اب علی زیدی کو اٹھا لیا گیا ہے، تحریک انصاف کےتین ہزار سےزائد کارکنوں کو گرفتار یا اغواء کیا گیا، لندن پلان کے تحت نواز شریف کو تحریک انصاف کو کچلنے کی یقین دہانی کروائی گئی تھی۔
عمران خان کا زمان پارک میں کارکنوں سے افطار کے موقع پر خطاب میں کہنا تھا کہ جب تک ٹیم کا کپتان کھڑا رہتا ہے تو ٹیم لڑتی ہے۔