بیجنگ (نمائندہ خصوصی) چینی وزارت خارجہ کے ترجمان وانگ ون بین نے کہا کہ ہے کہ 13 اپریل کو چینی ریاستی کونسلر اور وزیر خارجہ چھن کانگ نے سمرقند میں چین، روس،پاکستان اور ایران کے وزرائے خارجہ کے درمیان افغان مسئلے پر دوسری غیر سرکاری کانفرنس کی میزبانی کی۔ایک باقاعدہ پریس کانفرنس میں انہو ں نے کہا اجلاس میں روس کے وزیر خارجہ سرگئی لاوروف، ایرانی وزیر خارجہ حسین امیرعبداللہیان اور پاکستانی وزیر مملکت برائے خارجہ امورحنا ربانی کھرنے شرکت کی۔ وانگ ون بین نے تعارف کرایا کہ چاروں ممالک کے وزرائے خارجہ کے اجلاس کے مثبت نتائج برآمد ہوئے ہیں، جن میں امریکہ اور اس کے اتحادیوں کی طرف سے افغانستان کے خلاف یکطرفہ پابندیوں کا فوری طور پر خاتمہ، افغان عوام کی بیرون ملک رقوم کی فوری واپسی، اور افغانستان اور خطے میں فوجی اڈے دوبارہ نہ قائم کرنے کے لیے چھ اہم اتفاق رائے شامل ہیں۔ملاقات کے بعد چھن کانگ نے صحافیوں کے سوالات کے جواب میں نشاندہی کی کہ افغان مسئلے کو ایک جامع اور منظم حل کی ضرورت ہے۔ چین اس بات کی وکالت کرتا ہے کہ بین الاقوامی برادری افغانستان کی معیشت کو ترقی دینے اور لوگوں کی زندگی کو بہتر بنانے، انسانیت اور ترقی کی امداد فراہم کرنے اور بات چیت اور مواصلات کے ذریعے افغانستان کی معتدل اور مستحکم طرز حکمرانی کو فروغ دینے میں مدد جاری رکھے گی تاکہ خواتین ،بچوں اور اقلیتی قومیتوں سمیت تمام افغان عوام کے بنیادی حقوق اور مفادات کا موثر طریقے سے تحفظ کیا جا سکے۔