اسلام آباد(نمائندہ خصوصی)گرفتار پی ٹی آئی رہنما علی امین گنڈا پور کی راہداری ریمانڈ پر بھکر پولیس کو حوالگی اسلام آباد ہائی کورٹ میں چیلنج کر دی گئی۔علی امین گنڈا پور کے وکیل شیر افضل مروت نے اسلام آباد ہائی کورٹ میں درخواست دائر کی۔دائر کی گئی درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ سیشن جج نے علی امین گنڈا پور کی راہداری ضمانت کی درخواستیں خارج کیں۔درخواست میں موقف اپنایا گیا کہ اسلام آباد ہائی کورٹ نے علی امین گنڈا پور کو کسی دوسرے صوبے کی پولیس کو حوالگی سے روکا تھا۔درخواست میں کہا گیا کہ سیشن جج کا فیصلہ اسلام آباد ہائی کورٹ کے فیصلے سے مطابقت نہیں رکھتا۔درخواست گزار نے استدعا کی کہ معاملے کو جمعہ کو ہی سماعت کے لیے مقرر کیا جائے، علی امین گنڈا پور کے خلاف تینوں مقدمات کے ریکارڈ کا معائنہ کر کے فیصلہ کیا جائے۔واضح رہے کہ علی امین گنڈا پور کو اسلام آباد سے راہدارای ریمانڈ پر تھانہ صدر بھکر منتقل کیا گیا تھا۔پولیس کے مطابق علی امین گنڈا پور بھکر میں درج 3 مقدمات میں پولیس کو مطلوب ہیں۔