ہیوسٹن (نمائندہ خصوصی)ہیوسٹن سے پاکستان کے سیلاب متاثرین کےلئے طبی آلات پر مشتمل نصف ملین ڈالر کے دو مزید کنٹینرز روانہ کردئیے گئے ہیں۔الائنس فار ڈیزاسٹر ریلیف، ہیوسٹن کراچی سسٹر سٹی ایسوسی ایشن، میڈیکل برجز، اور ہیلپنگ ہینڈ فار ریلیف اور ہیلپنگ ہینڈ کی شراکت کے ذریعے ہیوسٹنیوں کی جانب سے پاکستان کے سیلاب متاثرین کے لیے میڈیکل سپلائیز کے دو مزید کنٹینرز پاکستان روانہ کیے گئے ہیں۔کنٹینرز روانگی کی تقریب ہیوسٹن میں میڈیکل برجز کے مرکزی دفتر میں منعقد ہوئی جس میں مہمان خصوصی خاتون رکن کانگریس اور کانگریس میں پاکستانی کاکس کے چیئرمین شیلا جیکسن لی تھیں۔تقریب میں ہیوسٹن کے نئے پاکستانی قونصل جنرل محمد آفتاب چوہدری ممتاز بزنس مین جاوید انور، ایلائنس کے کوآرڈینیٹر سعید شیخ اور ہیلپنگ ہینڈ تنظیم کے نمائندوں نے بھی شرکت کی۔تنظیم کے تعاون سے پاکستان میں سیلاب متاثرین کی مدد کے لیے بھرپور کوششیں کی گئیں اور موسم گرما 2022ء کے سپر فلڈ سے ہونے والی تباہی کے متاثرین کی مدد کےلئے تاحال کوششیں جاری رکھنا اور مذکورہ سیلاب کے نتیجے میں پانی سے پیدا ہونے والی اور دیگر بیماریوں میں مبتلا لوگوں کی مدد کرنا شامل ہے۔ اس ضمن میں تقریباً نصف ملین ڈالر مالیت کے نئے طبی سامان کے 40 فٹ کے دو کنٹینرز تیار کیے گئے، ان کنٹینرز میں میڈیکل سپلائیز میں شامل طبی آلات اور دیگر سامان سیلاب متاثرین کو طبی امداد فراہم کرنے والے سرکاری ہسپتالوں کو فراہم کیے جائیں گے ۔الائنس کے زیر اہتمام اس حوالے سے منعقدہ تقریب کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کانگریس وومن شیلا جیکسن لی نے کہا کہ پاکستان میں سیلاب سے متاثرہ افراد کی امداد اور بحالی کے لیے مزید موثر کوششوں کی ضرورت ہے۔