کراچی (نمائندہ خصوصی )سندھ ہائی کورٹ میں تعینات ہونے والے 6ایڈیشنل ججز نے جمعہ کو اپنے عہدے کا حلف اٹھالیا ہے ۔چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ جسٹس احمد علی ایم شیخ نے ایڈیشنل ججز سے حلف لیا ۔حلف اٹھانے والے ایڈیشنل ججز میں جسٹس امجد علی بوھیو، جسٹس محمد عبد الرحمان ،جسٹس خادم حسین سومرو ،جسٹس ارباب علی ہکڑو، جسٹس جواد علی سروانہ ، جسٹس ثنا اکرم منہاس شامل ہیں ۔ تقریب حلف برداری میں بار ایسوسی ایشنز کے نمائندوں اور وکلا کی بڑی تعداد شریک ہوئی ۔تقریب میں حلف اٹھانے والے ججز کے اہلخانہ بھی شریک تھے۔واضح رہے کہ سندھ ہائیکورٹ میں موجود ججز کی تعداد 29 ہے ۔سندھ ہائیکورٹ میں چھ ایڈیشنل ججز کی تعیناتی کے بعد ججز کی تعداد 35 ہوجائے گی ۔سندھ ہائیکورٹ میں اب بھی 5 ججز کی آسامیاں خالی ہیں۔