کراچی(نمائندہ خصوصی ) متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کی رابطہ کے رکن و وفاقی وزیر سید فیصل سبزواری نے کراچی میں ہونے والی مردم شماری پر اپنے شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے نادرا سے موصول ہونے والے اعداد و شمار سے متعلق خط کی کاپی سماجی رابطوں کے پلیٹ فارم پر شیئر کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ خط کراچی میں ہونے والی مردم شماری میں خامیوں کی واضح نشاندہی ہے۔انہوں نے کہا کہ نادرا کو 27 مارچ 2023 کو خط لکھا تھا اور نادرا کی جانب سے موصول ہونے والی تفصیلات کے مطابق کراچی کے پتے پر بنے شناختی کارڈ اور رجسٹرڈ بچوں کی تعداد 1 کروڑ 90 لاکھ سے زائد بنتی ہے۔فیصل سبزواری نے مزید کہا کہ کراچی میں لاکھوں افراد ہر برس روزگار کیلئے آتے ہیں جنکا شناختی کارڈ یہاں کا نہیں ہے، اسی طرح لاکھوں غیرملکی باشندے بھی یہاں رہائش پذیر ہیں اگر ملالیں تو بات صاف ظاہر ہے کہ شہر گنتی میں واضح اضافہ ہوا ہے۔جبکہ محمکمہ شماریات کراچی کی آبادی 2017 کی مردم شماری سے بھی کم دکھا رہا ہے۔انکا کہنا تھا کہ مردم شماری میں سوچی سمجھی سازش کے تحت کراچی کی آبادی کو درست شمار نہیں کیا جا رہا اور اس کا جتنا ذمہ دار ادارہ شماریات ہے اتنا ہی سندھ کے متعصب حکمران بھی ہیں اور اتنی ہی ذمہ دار وہ جماعت بھی ہے جس کو دھاندلی کے ذریعے پچھلے الیکشن میں کراچی سونپا گیا اور اس جماعت نے کراچی کو کچھ نہیں دیا۔