اسلام آباد (نمائندہ خصوصی )وزیراعظم محمدشہبازشریف نے ایران کے صدررابراہیم رئیسی کوایران اورسعودی عرب کے درمیان تاریخی معاہدہ پرمبارکباد دی اور کہا کہ یہ معاہدہ علاقائی استحکام کو تقویت دے گا۔ جمعہ کو اپنے ٹویٹ میں وزیراعظم نے کہاکہ انہوں نے ایران کے صدرابراہیم رئیسی کے ساتھ ٹیلی فون پرمفید گفتگو کی ہے، ایران کے صدرکے ساتھ بات چیت میں پاکستان اورایران کے درمیان دوطرفہ تعلقات کی مختلف جہتوں اوراسرائیل کی جانب سے انسانی حقوق کی پامالیوں کا جائزہ لیاگیا۔ وزیراعظم نے کہاکہ انہوں نے ایران کے صدر کوایران اورسعودی عرب کے درمیان تاریخی معاہدہ پرمبارکباد دی جو علاقائی استحکام کو تقویت دے گا۔ وزیراعظم نے کہاکہ انہوں نے ایران کے صدر کو دورہ پاکستان کی دعوت بھی دی ہے۔