سمر قند(نمائندہ خصوصی )وزیر مملکت برائے خارجہ امور حنا ربانی کھر نے سمرقند میں افغانستان کے ہمسایہ ممالک کے چوتھے اجلاس کے موقع پر جمعرات کو ازبکستان کے قائم مقام وزیر خارجہ سیدوف باختیور اودیلووچ سے ملاقات کی۔ دفتر خارجہ کے مطابق دونوں وزراءنے ازبکستان اور پاکستان کے درمیان تمام شعبوں میں دوستانہ تعلقات بالخصوص رابطوں، تجارت اور سرمایہ کاری کے علاوہ عوامی روابط پر تبادلہ خیال کیا۔ دونوں فریقین نے پاکستان، ازبکستان اور افغانستان کے درمیان ٹرانس افغان ریلوے منصوبے پر پیش رفت پر بھی تبادلہ خیال کیا اور اس بات پر اتفاق کیا کہ اس منصوبے کی بروقت تکمیل سے علاقائی روابط میں اضافہ ہوگا۔