لاہور(نمائندہ خصوصی ) پاکستان تحریک انصاف کے سینئر مرکزی نائب صدر فواد چوہدری نے کہا ہے کہ آئین کے تحت سپریم کورٹ کا فیصلہ حتمی ہے اور90روز میں انتخابات ہونے ہیں،دنیا میں جمہوریت ایسے نہیں چل سکتی کہ ایک حکومت کہے کہ ہم تب تک انتخابات نہیں کرائیں گے جب تک ہمارے حق میں انتخابات کے نتائج نہیں ہوجائیں گے،پاکستان بار کونسل میں گماشتوں کو ہڑتال کے لئے استعمال کرنے کی کوشش کی گئی لیکن وہ بری طرح ناکامی سے دوچار ہوئی ، سارے پاکستان میں وکلاءنے پاکستان بار کونسل کی ہڑتال کی کال کو مسترد کیا ہے ،مذاکرات کے لئے دعوت وزیر اعظم نے دینی ہے اور ہم اپنا وفد بنا کر بھیج دیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوںنے تحریک انصاف وسطی پنجاب کے جنرل سیکرٹری حماد اظہر کے ہمراہ انسداد دہشتگردی کی خصوصی عدالت میں پیشی کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ فواد چوہدری نے کہا کہ پی ڈی ایم جماعتیں اس وقت سپریم کورٹ کے خلاف پراپیگنڈے میں مصروف ہیں ،اس میں ان جماعتوں کے ترجمان اور کچھ رپورٹرز شامل ہیں، یہ سب کچھ وزیر اعظم شہباز شریف اور ان کے قائد نواز شریف کی ا یماءپر ہو رہاہے ۔ (ن) لیگ کی سپریم کورٹ پر حملوں کی پرانی تاریخ ہے ، جس طرح آج انہوں نے پاکستان بار کونسل میں اپنے گماشتوں کو استعمال کرنے کی کوشش کی وہ بری طرح ناکامی سے دوچار ہوئی ، سارے پاکستان میں وکلاءنے بار کونسل کی ہڑتال کی کال کو مسترد کیا ہے ، جو بارز کے اصل لیڈرز ہیں ان کی اپیل کے اوپر ساری وکلاءبرادری سپریم کورٹ کے ساتھ کھڑی ہوئی ہے ،ا س طرح کا اتحاد دوسری بار ہے کہ وکلاءبرادری اپنی سپریم کورٹ کے پیچھے کھڑی ہے اور ہر جگہ ہڑتال ناکام ہو گئی ہے ، سارے ملک میں وکلاءعدالتوں میں پیش ہوئے ہیں جو چیف جسٹس اور جج صاحبان کے اوپر وکلاءکے اعتماد کا اظہار ہے۔