اسلام آباد(نمائندہ خصوصی )وزیر اعظم محمد شہباز شریف سے انٹرنیشنل ریسکیو کمیٹی (IRC) کے صدر اور سی ای او مسٹر ڈیوڈ ملی بینڈ نے اسلام آباد میں ملاقات کی جس میں پاکستان کے ساتھ آئی آر سی کی قابل قدر اور دیرینہ شراکت کو سراہتے ہوئے وزیراعظم نے گزشتہ سال کے تباہ کن سیلاب کے دوران آئی آر سی کی بروقت مدد کو سراہا۔ انہوں نے صدر آئی آر سی کو سیلاب سے متاثرہ علاقوں کی بحالی اور تعمیر نو کے بارے آگاہ کیا۔ وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان موسمیاتی تبدیلی اور آفات سے نمٹنے کےلئے استعداد کار کو مزید فروغ دینے میں آئی آر سی کی مسلسل حمایت کا منتظر ہے۔ انہوں نے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں تباہ شدہ سکولوں اور ہسپتالوں کی تعمیر نو اور مرمت کےلئے آئی آر سی کی گراں قدر مدد کی اہمیت پر بھی زور دیا۔ مسٹر ڈیوڈ ملی بینڈ نے گزشتہ سال کے تباہ کن سیلاب کے اثرات کو کم کرنے کےلئے بروقت اقدامات کرنے پر حکومت پاکستان کے عزم اور لگن کو سراہا۔ انہوں نے آفات اور موسمیاتی تبدیلی کے انتظام میں پاکستان کے ساتھ تعاون کو مزید گہرا کرنے کی آئی آر سی کی خواہش کا بھی اعادہ کیا۔