بدین(آئی این پی/صباح نیوز ) موجودہ گورنر سندھ کامران ٹیسوری کو 15سال قبل چوری کے الزام میں گرفتار کرانے والے نوجوان کو حراست میں لے لیا گیا۔ٹنڈوباگو کے رہائشی مجاہد خواجہ نے2008میں کامران ٹیسوری کے خلاف موٹر سائیکل اور نقد رقم چوری کا مقدمہ درج کرایا تھا۔ نوجوان مجاہد خواجہ کو گرفتار کرکے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا ہے۔ پولیس نے 20جون2008 کو ٹنڈوباگو تھانہ میں ایف آئی آر نمبر61/08 کے تحت مقدمہ درج کیا تھا، جس کے بعد موجودہ گورنر سندھ کامران ٹیسوری کو ٹنڈوباگو پولیس نے موٹر سائیکل چوری میں گرفتار کیا تھا، تاہم کامران ٹیسوری پولیس موبائل سے کود کر فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے تھے۔واضح رہے کہ مجاہد خواجہ نے چند ماہ قبل گورنر سندھ سے ملاقات کرکے مقدمہ درج کرانے پر معذرت کر لی تھی۔ 2008 میں وزیر داخلہ ڈاکٹر ذوالفقار مرزا، ڈی آئی جی ثنا اللہ عباسی اور ایس ایس پی فدا مستوئی تھے۔رات گئے گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے کراچی پریس کلب میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہو ئے کہاکہ اگر میں اپنا اثرورسوخ استمال کرنا تھا تو میں اس واقعہ اصل محرک کےخلاف کارروائی کرتا ۔گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے مزید کہا کہ میں مقدمہ کرانے والے کو اس وقت معاف کر دیا تھا ۔