اسلام آباد (نمائندہ خصوصی)وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے 1973 کے دستور کے50 سال مکمل ہونے پر قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ آ ئیں عہد کریں کہ اگلے 50 سال ماضی کے 50 سال کی غلطیوں کا ازالہ ہوں گے، قوم کے دکھوں کا مداوا ہوں گے۔ پیر کو اپنےٹویٹ میں وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا کہ یہ عوام کے حقوق اور ریاستی اداروں کے فرائض کی کتاب ہے، یہ اتحاد اور اتفاق کی ضامن، عدل وانصاف،مساوات اور آزادی کی ضمانت ہے یہ وعدہ ہے اللہ تعالیٰ سے کہ حاکمیت صرف اس کی ہے،یہ اختیار عوام منتخب نمائندوں کے ذریعے استعمال کریں گے۔انہوںنے کہاکہ آئین سے انحراف پر ملک و قوم نے صدمے سہے، ناچاقی ونااتفاقی، محرومیوں، دہشت گردی، معاشی تباہی، مہنگائی کے عذاب جھیلے۔ انہوں نے کہا کہ آئین سے انحراف سے ادارے برباد ہوئے، عدل و انصاف کی جگہ ظلم نے لی ، آئیں عہد کریں کہ اگلے 50 سال ماضی کے 50 سال کی غلطیوں کا ازالہ ہوں گے، قوم کے دکھوں کا مداوا ہوں گے۔