اسلام آباد (نمائندہ خصوصی)آئین پاکستان کی گولڈن جوبلی کنونشن نے آئین کی نصاب میں شمولیت کی قرار داد کی منظوری دیدی ۔ پیر کو کنونشن کے دور ان وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے قرارداد پیش کی۔اس موقع پر وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے سپیکر قومی اسمبلی ، کمیٹی اراکین کو مبارکباد پیش کر تے ہوئے کہا کہ ان کی وجہ سے پہلی مرتبہ باقاعدہ پارلیمان سے قراداد پیش کرنے کا اعزاز حاصل ہورہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے نصاب میں آئین ، جمہوری اقدار، روایات اور دستوری نظام کو نصاب میں شامل کرنے جارہے ہیں، یہ تاریخی دن اس لئے بھی ہے کہ تاریخ کی سمت درست کرنے جارہے ہیں، حقیقی تاریخ، پاکستان کے عوام سے چھپائی گئی ،ہم اسے نصاب میں شامل کرنے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سابق سپیکر سردار ایاز صادق نے ینگ پارلیمنٹری ایسوسی ایٹس کا سفر شروع کیا تھا آج اس کا تاریخی پہلو مکمل ہورہا ہے، پہلی مرتبہ ینگ پارلیمنٹری ایسوسی ایٹس 250 تک پہنچ چکی ہے، سکول اور یونیورسٹی کے بچے پارلیمان میں انٹرشپ کرتے ہیں۔ قرار داد پیش کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا کہ یہ کنونشن متفقہ طور پر عزم کرتا ہے کہ آئین اور جمہوری شہری تعلیم کوصوبائی حکومتوں کے زیر کنٹرول تمام سکولوں، کالجوں، یونیورسٹیوں اور پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے تربیتی اداروں کے نصاب اور تعلیمی سرگرمیوں کا لازمی حصہ بنایا جائے آئیگا، 1973 کے آئین میں درج بنیادی حقوق، پاکستان میں آئینی اور جمہوری پیش رفت کے غیر جانبدارانہ اظہار کےساتھ، صوبوں کے اسکولوں/کالجوں/یونیورسٹیوں میں پڑھائے جانے والےتمام متعلقہ مضامین کی نصابی کتب (جیسے پاکستان اسٹڈیز،’ہسٹری یاسوشل اسٹڈیز، اردو،انگریزی یا کوئی اور) میں شامل کیے جائیں گے۔