نارووال (نمائندہ خصوصی )وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا ہے کہ ملک میں آئینی اور سیاسی بحران چل رہا ہے، پنجاب میں پہلے انتخابات کرانا وفاق کو کمزور کرنے کے مترادف ہوگا۔تقریب سے خطاب میں احسن اقبال نے کہا کہ حکومت چاہتی ہے کہ صوبوں اور وفاق کے الیکشن ایک ساتھ کروائے جائیں۔انہوں نے کہا کہ ملک میں آئینی و سیاسی بحران چل رہا ہے، پنجاب میں پہلے انتخابات کروادینے سے مسائل پیدا ہوں گے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ عمران خان ملک میں انتشار کی علامت ہیں، انہوں نے ملک کو تباہی کی طرف دھکیلا۔وفاقی وزیر نے کہاکہ ہم عمران خان کی پھیلائی تباہی کو ختم کرنے کےلئے کوشاں ہیں، انتخابات کا معاملہ سپریم کورٹ کے فل بینچ کے سامنے جانا چاہیے۔احسن اقبال نے کہا کہ عمران خان نے صوبائی اسمبلیاں اپنی انا کی تسکین کےلئے توڑیں، امید ہے چیف جسٹس بحران کے خاتمے کےلئے اپنا کردار ادا کریں گے۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی غلط معاشی پالیسیوں کی وجہ سے ملک میں تباہی آئی، مسلم لیگ (ن) کے گزشتہ دور حکومت میں ملک میں تاریخی ترقیاتی کام ہوئے۔